ابھینو بندرا 2026 سرمائی اولمپکس کے لیے مشعل بردار

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 23-10-2025
 ابھینو بندرا 2026  سرمائی اولمپکس کے لیے مشعل بردار
ابھینو بندرا 2026 سرمائی اولمپکس کے لیے مشعل بردار

 



نئی دہلی :  ہندوستان کے 2008 بیجنگ اولمپکس کے طلائی تمغہ یافتہ شوٹر ابھی نَو بندرا کو 2026 ونٹر اولمپکس کے مشعل بردار کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ابھی نَو بندرا جو ہندوستان کی اولمپک تاریخ میں پہلا انفرادی طلائی تمغہ جیتنے والے کھلاڑی ہیں، نے یہ خوشخبری سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں اگلے سال اٹلی میں ہونے والے اس عالمی ایونٹ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ میں واقعی عاجزانہ طور پر شکر گزار ہوں کہ مجھے میلانو کورٹینا 2026 اولمپک ٹارچ ریلے کے لیے مشعل بردار چنا گیا ہے۔ اولمپک شعلہ ہمیشہ میرے دل کے قریب رہا ہے کیونکہ یہ خوابوں ثابت قدمی اور کھیل کے ذریعے دنیا میں اتحاد کی علامت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسے دوبارہ تھامنا میرے لیے ایک اعزاز اور اس بات کی خوبصورت یاد دہانی ہے کہ کھیل کیا کچھ ممکن بنا سکتے ہیں۔ میں میلانو کورٹینا 2026 کا شکریہ ادا کرتا ہوں اس شاندار اعزاز کے لیے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب ابھی نَو بندرا نے اولمپک مشعل تھامی ہو۔ وہ گزشتہ سال پیرس اولمپکس کے دوران بھی مشعل بردار رہ چکے ہیں۔اولمپک مشعل ریلے ایک قدیم اور روایتی تقریب ہے جو گرمیوں اور سردیوں دونوں اولمپکس سے قبل منعقد کی جاتی ہے۔ اس تقریب میں مقدس اولمپک شعلہ یونان کے شہر اولمپیا سے جہاں قدیم اولمپک کھیل منعقد ہوتے تھے میزبان ملک کو منتقل کیا جاتا ہے۔

یہ شعلہ سورج کی روشنی سے ہیرا کے مندر میں جلایا جاتا ہے۔ پھر یونان کے مختلف حصوں سے گزرتا ہوا میزبان ملک کو سونپا جاتا ہے۔اس سال 4 دسمبر کو یہ شعلہ میلانو کورٹینا 2026 کے منتظمین کے حوالے کیا جائے گا۔ وہاں سے یہ روم پہنچے گا اور اپنی ملک گیر سفر کا آغاز کرے گا۔

63 دنوں پر مشتمل اس سفر میں مشعل 12,000 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ 60 مقامات پر رکے گی اور اٹلی کے تمام 110 صوبوں کا دورہ کرے گی۔ اس دوران کل 10,001 مشعل بردار اس سفر کا حصہ ہوں گے۔یہ مشعل آخرکار 6 فروری 2026 کو ہونے والی افتتاحی تقریب تک پہنچے گی جب میلانو اور کورٹینا ڈیمپیتسو میں ونٹر اولمپکس کا آغاز ہوگا جو 22 فروری تک جاری رہے گا۔