ہانگژو [چین]، 12 ستمبر (اے این آئی): ویمنز ایشیا کپ 2025 کے سپر 4 پول میچ میں بھارتی خواتین ہاکی ٹیم کو میزبان چین کے ہاتھوں 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت کی جانب سے واحد گول ممتاز خان (38’) نے کیا، جبکہ چین کے لیے زو میرونگ (4’، 56’)، چن یانگ (31’) اور تان جنژوانگ (47’) نے گول اسکور کیے۔
میچ کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا، تاہم چوتھے منٹ میں زو میرونگ نے ری باؤنڈ پر چین کو برتری دلا دی۔ بھارت نے برابری کی بھرپور کوشش کی اور پنالٹی کارنر بھی حاصل کیا لیکن اسے گول میں تبدیل نہ کر سکے۔
دوسرے کوارٹر میں بھی بھارت نے دباؤ بڑھایا مگر کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔ تیسرے کوارٹر کے آغاز پر بھارت کی دفاعی غلطی سے چن یانگ نے دوسرا گول اسکور کیا۔ کچھ دیر بعد ممتاز خان نے شاندار فیلڈ گول داغ کر اسکور 1-2 کر دیا۔ تاہم چین نے چوتھے کوارٹر میں مزید دو گول کرتے ہوئے برتری 1-4 تک پہنچا دی۔
چین اس کامیابی کے ساتھ ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا، جبکہ بھارت اب 12 ستمبر کو جاپان کے خلاف اپنا تیسرا سپر 4 میچ کھیلے گا، جہاں جیت اسے فائنل میں پہنچا سکتی ہے۔