برمنگھم، 14 جون: ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں ہندوستان نے روایتی حریف پاکستان کو 64 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کا شاندار آغاز کیا۔ برمنگھم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں دیپتی شرما نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستانی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔
171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 17 اوورز میں 106 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ہندوستانی اسپنرز نے پورے میچ میں مکمل برتری قائم رکھی۔ دیپتی شرما کے علاوہ شیفالی ورما اور شری چارنی نے بھی شاندار بولنگ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی جانب سے منیبہ علی اور گل فیروزہ نے اننگز کا مثبت آغاز کیا اور پہلے اوور میں 8 رنز بنائے۔ تاہم شریانکا پاٹل نے دوسرے اوور میں صرف 3 رنز دے کر رفتار کم کر دی۔ پاکستانی اوپنرز نے بعد ازاں کرانتی گوڑ اور پاٹل کے اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بالترتیب 14 اور 12 رنز حاصل کیے۔
پاکستان کی اننگز اچھی سمت میں بڑھتی دکھائی دے رہی تھی کہ دیپتی شرما نے اپنی پہلی ہی اوور میں گل فیروزہ کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اگلے اوور میں انہوں نے آٹھ برس بعد ورلڈ کپ کھیلنے والی عائشہ ظفر کو بھی پویلین واپس بھیج دیا۔
India women's vs Pakistan Women's Fighting 🥶🥶🤯🤯#INDvsPAKpic.twitter.com/G55gpb7tmG
— Cinema Pannel (@Cinemapannel) June 14, 2026
منیبہ علی کو دو مرتبہ کیچ ڈراپ ہونے کا فائدہ ملا لیکن دیپتی شرما نے براہ راست تھرو کے ذریعے انہیں رن آؤٹ کر دیا۔ منیبہ 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔
پاکستانی ٹیم 75 رنز پر 4 وکٹوں سے 91 رنز پر 7 وکٹوں تک پہنچ گئی اور میچ پر اپنی گرفت کھو بیٹھی۔ دیپتی شرما نے اپنی آخری اوور میں مزید تین وکٹیں حاصل کر کے پاکستانی اننگز کا خاتمہ کر دیا اور ہندوستان کو بڑی کامیابی دلا دی۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ ابتدا میں شیفالی ورما اور جمیما روڈریگز جلد آؤٹ ہو گئیں جس کے بعد اسمرتی مندھانا اور کپتان ہرمن پریت کور نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا دیا۔
اسمرتی مندھانا نے 44 گیندوں پر 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ ہرمن پریت کور نے 35 گیندوں پر 36 رنز بنائے۔ دونوں کے درمیان 91 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔پاکستان نے درمیانی اوورز میں واپسی کی کوشش کرتے ہوئے مندھانا، بھارتی فلمالی اور ہرمن پریت کور کی وکٹیں حاصل کیں، جس سے ایک وقت ہندوستان کا اسکور 17 اوورز میں 129 رنز پر 5 وکٹیں ہو گیا تھا۔
تاہم رچا گھوش اور دیپتی شرما نے آخری اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 21 گیندوں پر 45 رنز جوڑ دیے۔ رچا گھوش نے 17 گیندوں پر 34 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ دیپتی شرما 9 گیندوں پر 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔
India women's vs Pakistan Women's Fighting 🥶🥶🤯🤯#INDvsPAKpic.twitter.com/G55gpb7tmG
— Cinema Pannel (@Cinemapannel) June 14, 2026
میچ کے بعد ہندوستانی کپتان ہرمن پریت کور نے کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شائقین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اسمرتی مندھانا اور دیپتی شرما کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑی ہمیشہ ٹیم کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے رچا گھوش کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وہ جارحانہ انداز میں کھیلتی ہیں لیکن انہیں ٹیم میں ایک خاص کردار دیا گیا ہے اور انہوں نے اسے بخوبی نبھایا۔ ہرمن پریت نے کہا کہ اچھی فیلڈنگ اور کیچز کا محفوظ کرنا میچ جیتنے میں فیصلہ کن ثابت ہوا اور ورلڈ کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ میں ہر لیگ میچ انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔