بینکاک:ہندستان نے ایشیا کپ 2026 اسٹیج اول تیر اندازی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو برونز کے تمغے حاصل کر لیے۔ خواتین کی ریکرو ٹیم اور مردوں کی کمپاؤنڈ ٹیم نے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے پوڈیم پر جگہ بنائی۔خواتین کی ریکرو ٹیم میں روما بسواس، کیرتی اور ردھی شامل تھیں، جنہوں نے برونز کے تمغے کے مقابلے میں ملائیشیا کو 5-1 سے شکست دی۔ اس سے قبل کوالیفکیشن راؤنڈ میں ٹیم نے 1915 اسکور کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی تھی، جس میں روما بسواس کا اسکور 650 نمایاں رہا۔
ہندستانی ٹیم نے کوارٹر فائنل میں چائنیز تائپے کو 6-2 سے ہرایا، تاہم سیمی فائنل میں چین کے خلاف 5-1 سے شکست کے بعد واپسی کرتے ہوئے برونز کا تمغہ جیت لیا۔مردوں کے کمپاؤنڈ ٹیم ایونٹ میں راجت چوہان، ادے کمبوج اور رشبھ یادو نے سخت مقابلے کے بعد بھوٹان کو 234-232 سے شکست دے کر برونز کا تمغہ اپنے نام کیا۔
اس سے قبل اس ٹیم نے کوارٹر فائنل میں چائنیز تائپے کو 238-228 سے ہرایا، لیکن سیمی فائنل میں ویتنام کے خلاف 234-233 سے معمولی فرق سے ہار گئی۔کوالیفکیشن راؤنڈ میں ہندستانی مردوں کی کمپاؤنڈ ٹیم نے 2126 اسکور کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی تھی، جس میں راجت چوہان 712 کے ساتھ سرفہرست رہے، جبکہ رشبھ یادو 708 اور ادے کمبوج 706 کے ساتھ قریب رہے۔
مقابلے کے آئندہ مراحل میں بھی ہندستان کی تمغہ جیتنے کی امیدیں برقرار ہیں۔ خواتین کمپاؤنڈ اور مردوں کی ریکرو ٹیمیں فائنل میں قازقستان کے خلاف سونے کے تمغے کے لیے مقابلہ کریں گی۔انفرادی مقابلوں میں تیجل راجیندر سالوے خواتین کمپاؤنڈ میں برونز کے لیے مقابلہ کریں گی، جبکہ پرتھمیش جوکر اور ادے کمبوج مردوں کے کمپاؤنڈ فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔
اسی طرح راجت چوہان بھی اپنے برونز کے میچ میں کامیابی حاصل کر کے ہندستان کے تمغوں میں اضافہ کر سکتے ہیں، جبکہ ردھی پھور خواتین ریکرو کے برونز کے مقابلے میں حصہ لیں گی۔ہندستان نے اس مقابلے میں 16 رکنی ٹیم اتاری تھی، جس میں 8 مرد اور 8 خواتین شامل تھیں، اور دونوں ریکرو اور کمپاؤنڈ کیٹیگریز میں شرکت کی گئی۔