موقی [چین] میں کھیلے جا رہے اے ایچ ایف جونیئر ایشیا کپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن ہندوستان نے ملائیشیا کو 3-1 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ ہندوستانی ٹیم اب مسلسل چوتھی مرتبہ اور مجموعی طور پر چھٹی بار یہ خطاب جیتنے سے صرف ایک قدم دور ہے۔
ہندوستان کی جانب سے کپتان اور ڈریگ فلک ماہر انمول ایکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنالٹی کارنر پر دو گول کیے۔ ان کے ٹورنامنٹ میں مجموعی گولوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے اور وہ گول اسکور کرنے والوں کی فہرست میں بدستور سرفہرست ہیں۔ گول کیپر وویک لکڑا نے بھی ہندوستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے کئی شاندار بچاؤ کیے اور 53ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک بھی روک کر ہندوستان کی برتری برقرار رکھی۔
ہندوستان نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اختیار کیا۔ اجیت یادو نے ابتدائی دو منٹ میں دو مرتبہ گول کے قریب پہنچ کر خطرہ پیدا کیا۔ ہندوستان کو پہلے کوارٹر میں تین پنالٹی کارنر بھی ملے لیکن ملائیشیا کے گول کیپر امسیار محمد ادیب نے عمدہ بچاؤ کرتے ہوئے ہندوستان کو گول کرنے سے روکے رکھا۔ پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔
ہندوستان نے دوسرے کوارٹر کے 16ویں منٹ میں برتری حاصل کی۔ چوتھے پنالٹی کارنر پر پہلے بیٹری پوزیشن میں موجود کپتان انمول ایکا نے تیز اور نچلا ڈریگ فلک لگایا جو گول کیپر کو شکست دیتا ہوا جال میں جا پہنچا۔ اس طرح ہندوستان نے 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
ملائیشیا نے فوری جواب دینے کی کوشش کی لیکن وویک لکڑا نے شاندار بچاؤ کیا۔ ملائیشیا کو پنالٹی کارنر بھی ملا تاہم ہندوستان کے پہلے رشر نے بروقت گیند روک کر خطرہ ٹال دیا۔ وقفے تک ہندوستان کی برتری برقرار رہی۔
تیسرے کوارٹر میں ملائیشیا نے دباؤ بڑھایا لیکن وویک لکڑا ہندوستان کے لیے دیوار بنے رہے۔ 34ویں منٹ میں انہوں نے مسلسل دو شاندار بچاؤ کیے اور اس کے فوراً بعد ایک اور کوشش ناکام بنائی۔ ہندوستان کو دو مرتبہ دس کھلاڑیوں کے ساتھ بھی کھیلنا پڑا کیونکہ منمیت سنگھ رائے اور پھر پربھ دیپ سنگھ کو پیلے کارڈ دکھائے گئے۔ اس کے باوجود ہندوستانی دفاع منظم رہا اور ملائیشیا برابری کا گول کرنے میں ناکام رہا۔
چوتھے کوارٹر میں ہندوستان نے اپنی برتری مزید مضبوط کردی۔ 51ویں منٹ میں سکھ وندر نے شاندار حملے کو مکمل کرتے ہوئے ہندوستان کا دوسرا گول کیا۔ اس کے صرف دو منٹ بعد ملائیشیا کو پنالٹی اسٹروک ملا لیکن وویک لکڑا نے بائیں جانب ڈائیو لگاتے ہوئے گیند کو روک دیا۔
ہندوستان نے فوراً جوابی حملہ کیا اور 54ویں منٹ میں پنالٹی کارنر حاصل کیا۔ ملائیشیا نے ویڈیو ریفرل کے ذریعے فیصلے کو چیلنج کیا لیکن ریفرل ضائع ہوگیا۔ انمول ایکا نے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے طاقتور ڈریگ فلک کے ذریعے اپنا دوسرا اور ہندوستان کا تیسرا گول کردیا۔
اختتامی لمحات میں ملائیشیا نے مسلسل پنالٹی کارنر حاصل کیے لیکن وویک لکڑا اور ہندوستانی دفاع نے تمام کوششوں کو ناکام بنایا۔ 58ویں منٹ میں لکڑا نے ایک اور شاندار ڈائیونگ سیو کیا۔ میچ ختم ہونے سے صرف 24 سیکنڈ قبل ملائیشیا کو آٹھواں پنالٹی کارنر ملا جس پر ایم راہول نے تسلی کا گول کردیا۔ تاہم ہندوستان نے 3-1 کی برتری کے ساتھ میچ اپنے نام کرتے ہوئے فائنل میں جگہ پکی کرلی۔
فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کے فاتح سے ہوگا۔