آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2027 سے 2029 کے درمیان ممکنہ طور پر 12 ٹیموں تک توسیع

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 12-11-2025
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2027 سے 2029 کے درمیان ممکنہ طور پر 12 ٹیموں تک توسیع
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2027 سے 2029 کے درمیان ممکنہ طور پر 12 ٹیموں تک توسیع

 



 نئی دہلی : اگلے ایڈیشن میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (2027-29 سائیکل) میں تمام 12 ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیموں کو ایک ہی ڈویژن میں شامل کیے جانے کا امکان ہے، جو موجودہ نظام سے ایک قدم آگے ہوگا، کیونکہ نو ٹیموں پر مشتمل موجودہ ماڈل اور دو درجوں والا نظام حمایت حاصل نہیں کر سکا۔

اسی کے ساتھ، ایک روزہ سپر لیگ (ODI Super League) کو دوبارہ شروع کرنے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ نیوزی لینڈ کے سابق کھلاڑی راجر ٹوس کی سربراہی میں بنے ورکنگ گروپ نے کرکٹ کے مختلف فارمیٹس سے متعلق مسائل پر اپنی سفارشات دبئی میں ہونے والی آئی سی سی بورڈ اور چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی کی حالیہ میٹنگ میں پیش کیں۔

دو درجوں والا نظام اس وقت زیرِ غور آیا جب ویسٹ انڈیز جیسی ٹیموں کی کمزور کارکردگی اور بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی برتری پر بات ہوئی۔ تاہم فنڈنگ ماڈل پر اتفاق نہ ہونے اور کمزور بورڈز کی مزاحمت کی وجہ سے یہ تجویز ختم کر دی گئی۔ خاص طور پر سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور پاکستان جیسے ممالک کو خدشہ تھا کہ اگر وہ درجۂ دوم میں گئے تو ان کے بڑے ٹیموں کے خلاف کھیلنے کے مواقع کم ہو جائیں گے۔

اب ورکنگ گروپ نے تجویز دی ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں افغانستان، زمبابوے اور آئرلینڈ کو بھی شامل کیا جائے۔ نیا چکر جولائی 2027 سے شروع ہوگا، اور ہر ٹیم کو کم از کم مخصوص تعداد میں ٹیسٹ میچ کھیلنے ہوں گے۔ تاہم اضافی فنڈنگ نہیں دی جائے گی، جس پر آئرلینڈ جیسے ممالک نے پہلے بھی اعتراض کیا تھا۔

ایک بورڈ ڈائریکٹر کے مطابق، “یہ نظام اس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ ہر ٹیم ٹیسٹ کرکٹ کھیلے۔ جو ٹیمیں واقعی اس فارمیٹ کو اپنانا چاہتی ہیں، انہیں اب مواقع ملیں گے۔”

اسی طرح، ایک روزہ کرکٹ کے لیے سپر لیگ، جو 2023 ورلڈ کپ کے بعد ختم کر دی گئی تھی، کو بھی دوبارہ زندہ کرنے کی تجویز ہے۔ یہ لیگ 13 ٹیموں پر مشتمل تھی اور جولائی 2020 میں شروع ہوئی تھی تاکہ ون ڈے میچوں میں دلچسپی اور اہمیت پیدا کی جا سکے، لیکن مصروف کیلنڈر کی وجہ سے جلد ہی غیر مؤثر ہو گئی۔

تجویز کے مطابق یہ لیگ 2028 میں دوبارہ شروع ہو سکتی ہے، یعنی 2027 کے ورلڈ کپ کے بعد۔

ایک منتظم نے کہا، “سپر لیگ ون ڈے کرکٹ کو دوبارہ مقبول بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔ اصل مسئلہ یہ نہیں کہ یہ فارمیٹ ختم ہو گیا ہے، بلکہ ہمیں اس کا صحیح ڈھانچہ تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔”

ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد میں اضافہ فی الحال زیرِ غور نہیں، جو پہلے ہی 14 ٹیموں تک بڑھا دی گئی ہے۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 20 ٹیموں پر مشتمل ہوگا، اگرچہ کچھ ارکان اسے 32 ٹیموں تک بڑھانے کے حامی ہیں۔

ایسوسی ایٹ ممبران نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے نیا کوالیفائنگ نظام تجویز کیا ہے، جس میں ایک عالمی کوالیفائر شامل ہوگا، تاکہ ایسوسی ایٹ ممالک کے ساتھ ساتھ وہ فل ممبر ٹیمیں بھی شامل ہوں جو براہِ راست کوالیفائی نہیں کر پاتیں۔

البتہ، ٹی 10 فارمیٹ کو فی الحال آئی سی سی کی طرف سے سرکاری منظوری نہیں ملے گی۔

آئی سی سی بورڈ اگلے سال ان تجاویز پر حتمی بحث کرے گا۔