گوہاٹی: ہندستان کی جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 0۔2 سے شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے کہا کہ ان کے لئے ذاتی شناخت نہیں بلکہ ہندستانی کرکٹ اہم ہے۔ انہوں نے بطور ہیڈ کوچ اپنی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا جن میں انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز ڈرا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور ایشیا کپ شامل ہیں۔
بارساپارا کرکٹ اسٹیڈیم گواناہٹی میں ہونے والے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے ہندستان کو 408 رنز سے شکست دی۔ یہ گمبھیر کی کوچنگ میں ہندستان کی دوسری گھریلو وائٹ واش شکست ہے۔ گزشتہ برس نیوزی لینڈ کے خلاف 0۔3 اور اب جنوبی افریقہ کے خلاف 0۔2۔ دو برس میں دو ہوم ٹیسٹ سیریز ہار۔
گمبھیر نے کہا کہ کھیل میں بعد میں سوچنے کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔ جو فیصلے کئے گئے وہ ٹیم اور ملک کے مفاد میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی فیصلہ کرے گی کہ کیا کرنا ہے۔ میری پہلی پریس کانفرنس سے میرا ایک ہی موقف ہے کہ ہندستانی کرکٹ اہم ہے۔ میں نہیں۔ لوگ بھول جاتے ہیں کہ میں ہی وہ کوچ ہوں جس نے نوجوان ٹیم کے ساتھ انگلینڈ میں نتیجہ دیا تھا۔ چیمپئنز ٹرافی اور ایشیا کپ بھی اسی کے تحت جیتے گئے تھے۔
جنوبی افریقہ سیریز میں کپتان رشبھ پنت کی کارکردگی پر گمبھیر نے کہا کہ وہ خود سے بھی بہتر کی توقع رکھتے ہیں اور ٹیم کے ہر رکن سے بھی۔ ٹیسٹ جیتنے کے لئے اجتماعی کارکردگی ضروری ہے۔ محض کسی ایک کھلاڑی کو ذمہ دار ٹھہرانے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔
پنت نے شبھمن گل کی عدم موجودگی میں دوسرا ٹیسٹ کپتانی کی۔ گل گردن کی چوٹ کے سبب آرام پر تھے۔ پنت نے دو میچوں میں صرف 49 رنز بنائے اور سیریز ان کے لئے مایوس کن رہی۔
جنوبی افریقہ نے ٹیمبا باووما کی قیادت میں ہندستانی ٹیم کو دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 0۔2 سے وائٹ واش کر دیا۔ پہلا ٹیسٹ کولکاتا کے ایڈن گارڈنز میں پروٹیز نے 30 رنز سے جیتا تھا۔
جنوبی افریقہ کے مارکو یانسن کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سائمن ہارمر سیریز کے بہترین کھلاڑی ٹھہرے۔
یہ جنوبی افریقہ کی ہندستان میں 2000 کے بعد پہلی ٹیسٹ سیریز جیت ہے۔ اس وقت ہنسی کرونیے کی قیادت میں پروٹیز نے 0۔2 سے سیریز جیتی تھی۔ اب ٹیمبا باووما بھی اس فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔
یہ جنوبی افریقہ کی دوسری سب سے بڑی فتح ہے جو رنز کے فرق سے حاصل ہوئی ہے۔ اس سے پہلے 2018 میں جوہانسبرگ میں آسٹریلیا کے خلاف 492 رنز سے جیت ان کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔ اے این آئی