نئی دہلی:ہاکی انڈیا نے 15 سے 30 اگست 2026 تک بیلجیم اور نیدرلینڈز میں ہونے والے ایف آئی ایچ مردوں کے ہاکی عالمی کپ 2026 کے لیے 20 رکنی ہندوستانی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ کریگ فلٹن نے اعتماد ظاہر کیا کہ منتخب اسکواڈ ہندوستانی ہاکی کی تاریخ میں اپنا نیا باب رقم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔تجربہ کار دفاعی کھلاڑی اور ڈریگ فلکر ہرمن پریت سنگھ ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ ہندوستان کے سب سے زیادہ بین الاقوامی میچ کھیلنے والے مڈفیلڈر من پریت سنگھ اپنی وسیع تجربے کے ساتھ ٹیم کو مضبوطی فراہم کریں گے۔ ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ باصلاحیت نوجوانوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
کریگ فلٹن نے کہا کہ یہ ایک متوازن ٹیم ہے جس میں بڑے مقابلوں کا تجربہ رکھنے والے کھلاڑیوں اور بہترین فارم میں موجود نوجوانوں کا عمدہ امتزاج ہے۔ ان کا انتخاب صرف کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے، نہ کہ شہرت کی بنیاد پر۔
گول کیپنگ کی ذمہ داری موہت ایچ ایس اور سورج کرکیرا سنبھالیں گے۔دفاعی شعبے میں جرمن پریت سنگھ، ہرمن پریت سنگھ، امت روہیداس، جگرج سنگھ، سنجے، سمیت اور یشدیپ سیواچ شامل ہیں۔مڈفیلڈ میں من پریت سنگھ، ہاردک سنگھ، وویک ساگر پرساد، نیلاکانتا شرما، راجندر سنگھ اور آدتیہ ارجن لالاگے ٹیم کا حصہ ہیں۔
فارورڈ لائن میں مندیپ سنگھ، دلپریت سنگھ، ابھیشیک، سکھجیت سنگھ اور شیلانند لکڑا گول کرنے کی ذمہ داری نبھائیں گے۔ہندوستان کو پول ڈی میں انگلینڈ، پاکستان اور ویلز کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ پول مرحلے کے تمام میچ نیدرلینڈز کے شہر امسٹل وین میں کھیلے جائیں گے۔ہیڈ کوچ فلٹن نے کہا کہ "پریس، کاؤنٹر اور بہترین کارکردگی" صرف ٹیم کی حکمت عملی نہیں بلکہ ہر روز کی تربیت اور سوچ کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم ایک وقت میں ایک ہی میچ پر توجہ دے رہی ہے اور ہر مقابلے میں پوری قوت کے ساتھ اترے گی۔
ہندوستان اپنی مہم کا آغاز 15 اگست کو ویلز کے خلاف کرے گا۔ اس کے بعد 17 اگست کو انگلینڈ اور 19 اگست کو روایتی حریف پاکستان کا سامنا کرے گا، جسے پول مرحلے کا سب سے زیادہ انتظار کیا جانے والا مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے۔فلٹن نے کہا کہ 1975 میں عالمی کپ جیتنے کے 50 سال بعد موجودہ ٹیم کے پاس ہندوستانی ہاکی کی تاریخ میں اپنا یادگار باب لکھنے کا بہترین موقع ہے اور پوری ٹیم اس چیلنج کے لیے پُرجوش ہے۔
ہندوستانی ٹیم
گول کیپر:
موہت ایچ ایس
سورج کرکیرا
دفاعی کھلاڑی:
جرمن پریت سنگھ
ہرمن پریت سنگھ (کپتان)
امت روہیداس
جگرج سنگھ
سنجے
سمیت
یشدیپ سیواچ
مڈفیلڈر:
راجندر سنگھ
آدتیہ ارجن لالاگے
ہاردک سنگھ
من پریت سنگھ
نیلاکانتا شرما
وویک ساگر پرساد
فارورڈ:
دلپریت سنگھ
شیلانند لکڑا
سکھجیت سنگھ
مندیپ سنگھ
ابھیشیک