نئی دہلی۔ ۔ ہندوستان کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے 2027 کے ورلڈ کپ سے قبل ویرات کوہلی اور روہت شرما کے مستقبل پر لب کشائی سے گریز کرتے ہوئے دونوں سینئر کھلاڑیوں کو حال پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ گمبھیر نے شبمن گیل کو روہت کی جگہ ون ڈے کپتانی دیے جانے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ اس کے مکمل طور پر مستحق ہیں‘‘۔
اگلے ورلڈ کپ کے لیے ابھی دو سال باقی ہیں اور ہندوستان نے جنوبی افریقہ میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اس تیاری کا پہلا اہم قدم شبمن گیل کو روہت شرما کی جگہ ون ڈے کپتان بنانا ہے۔ ان کی بطور کپتان پہلی ذمہ داری آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز ہوگی جو اتوار سے پرتھ میں شروع ہو رہی ہے۔
یہ سیریز اوپنر میچ روہت اور ویرات کی ہندوستانکے لیے واپسی کا موقع بھی ہوگا۔ دونوں نے مارچ میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد پہلی بار میدان میں اترنا ہے۔ چونکہ دونوں بلے باز ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کرکٹ سے الگ ہو چکے ہیں، اس لیے ون ڈے ہی ان کا واحد فارمیٹ رہ گیا ہے۔ ان کا ہدف 2027 کے ورلڈ کپ کو جیتنا ہے، جسے وہ 2023 میں گھریلو میدان پر گنوا بیٹھے تھے۔
گمبھیر نے روہت اور ویرات کے مستقبل کے منصوبوں پر زیادہ بات نہیں کی بلکہ اپنی توجہ صرف آنے والے آسٹریلیا دورے اور دونوں تجربہ کار کھلاڑیوں سے توقعات پر مرکوز رکھی۔
انہوں نے کہا، ’’پچاس اوور کا ورلڈ کپ ابھی دو ڈھائی سال دور ہے۔ اس لیے حال پر توجہ دینا سب سے زیادہ ضروری ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ معیاری کھلاڑی ہیں۔ ان کا تجربہ آسٹریلیا میں بہت کارآمد ثابت ہوگا۔ امید ہے کہ دونوں کا دورہ کامیاب رہے گا اور اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ بطور ٹیم ہم ایک کامیاب سیریز کھیلیں۔‘‘
گیل کے لیے مختلف فارمیٹس میں قیادت کی ذمہ داریاں تیزی سے آئیں۔ دو سال گجرات ٹائٹنز کی قیادت کرنے کے بعد انہیں مئی میں ٹیسٹ کپتانی سونپی گئی، اور چند ماہ بعد وہ ون ڈے ٹیم کے کپتان بھی بن گئے۔ کچھ ناقدین کا ماننا ہے کہ یہ تبدیلی بہت جلدی ہوئی، لیکن گمبھیر کا خیال ہے کہ گیل نے یہ مقام اپنی محنت اور کارکردگی سے حاصل کیا ہے، خاص طور پر انگلینڈ کے خلاف اینڈرسن ٹنڈولکر ٹرافی میں دو دو کی سیریز ڈرا کرنے کے بعد۔
گمبھیر نے کہا، ’’میرے خیال میں وہ اس کے ہر طرح سے مستحق ہیں۔ انہوں نے بہت محنت کی ہے۔ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ وہ قیادت کے تمام معیار پر پورا اترتے ہیں۔ بطور کوچ میرے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ کوئی کھلاڑی صحیح بات کرے، صحیح کام کرے، محنتی ہو، دیانت دار ہو، جسمانی طور پر ہر چیلنج کے لیے تیار ہو، سب سے پہلے میدان میں آئے۔ ایک کوچ اس سے زیادہ کیا مانگ سکتا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ یہ اس کے لیے آسان نہیں تھا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’میں نے پہلے بھی کہا کہ انگلینڈ شاید اس کے لیے سب سے مشکل امتحان تھا۔ دو ڈھائی مہینوں میں پانچ ٹیسٹ میچز ایک مضبوط انگلش ٹیم کے خلاف، جن کی بیٹنگ لائن اپ دھمکی آمیز تھی، اور ایک نسبتاً ناتجربہ کار بھارتی ٹیم۔ اس سے زیادہ مشکل صورتحال کیا ہو سکتی تھی۔‘‘
پانچ ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں گیل نے اپنے بلے سے قیادت کا ثبوت دیا۔ انہوں نے سب سے زیادہ رنز بنائے، کل 754، جن میں ان کی کیریئر کی سب سے بڑی اننگز 269 بھی شامل تھی۔ گمبھیر نے تسلیم کیا کہ رنز بنانا احترام دلاتا ہے، لیکن صحیح بات کہنا اور صحیح طرزِ عمل اپنانا بھی اتنا ہی اہم ہے، جو گیل نے کیا اور پوری ٹیم نے ان کی قیادت کا مثبت جواب دیا۔
گمبھیر نے کہا، ’’لیکن جس طرح اس نے خود کو سنبھالا اور ٹیم کو سنبھالا، اور جس طرح ٹیم نے اس کی قیادت کو قبول کیا، وہ بھی قابلِ تعریف ہے۔ بعض اوقات ہم صرف کپتان کے بارے میں بات کرتے ہیں، لیکن ٹیم کا ردعمل بھی اتنا ہی اہم ہوتا ہے۔ اس لیے ڈریسنگ روم میں موجود پورے گروپ کو کریڈٹ دینا چاہیے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’آپ رنز بنا کر احترام حاصل کرتے ہیں، لیکن صحیح بات کہہ کر اور صحیح عمل کر کے بھی احترام کماتے ہیں۔ میرے نزدیک الفاظ سے زیادہ اعمال اہم ہوتے ہیں۔ اس نے شاندار کام کیا ہے، اور ٹیم نے بھی۔‘‘
اپنی پہلی گھریلو سیریز میں گیل نے احمد آباد میں نصف سنچری اور دہلی میں 129 ناٹ آؤٹ (196 گیندوں پر) اسکور کر کے بطور ٹیسٹ کپتان پہلی سیریز جیت کر اپنے قیادتی سفر کا کامیاب آغاز کیا۔