کامن ویلتھ گیمز2026 کا اختتام، گلاسگو سے احمد آباد کو باضابطہ طور پر میزبانی منتقل

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 03-08-2026
کامن ویلتھ گیمز2026 کا اختتام، گلاسگو سے احمد آباد کو باضابطہ طور پر میزبانی منتقل
کامن ویلتھ گیمز2026 کا اختتام، گلاسگو سے احمد آباد کو باضابطہ طور پر میزبانی منتقل

 



 گلاسگو، : 11 روز تک جاری رہنے والے دولتِ مشترکہ کھیل 2026 اتوار کو ایک شاندار اختتامی تقریب کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچ گئے۔ اس موقع پر اسکاٹ لینڈ نے دولتِ مشترکہ کھیلوں کا پرچم اور روایتی بیٹن باضابطہ طور پر ہندوستان کے حوالے کر دیا، جو 2030 میں ان کھیلوں کے صد سالہ ایڈیشن کی میزبانی کرے گا۔

2030 کے دولتِ مشترکہ کھیل احمد آباد میں منعقد ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان آسٹریلیا کے بعد دنیا کا دوسرا ملک بن جائے گا جو ایک سے زیادہ مرتبہ ان کھیلوں کی میزبانی کرے گا۔ اس سے قبل ہندوستان نے 2010 میں نئی دہلی میں دولتِ مشترکہ کھیلوں کا کامیاب انعقاد کیا تھا۔

اختتامی تقریب کے دوران دولتِ مشترکہ کھیلوں کا پرچم اور بیٹن ہندوستان کے نمائندوں اولمپک طلائی تمغہ یافتہ نیرج چوپڑا، انڈین اولمپک ایسوسی ایشن کی صدر پی ٹی اوشا اور گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ ہرش سنگھوی کے سپرد کیے گئے۔ یہ رسمی تقریب گلاسگو سے احمد آباد تک میزبانی کی منتقلی کی علامت بنی۔

اختتامی تقریب کا آغاز اسکاٹ لینڈ کی قدیم ثقافت، موسیقی اور روایات کی رنگا رنگ پیشکش سے ہوا۔ اس کے بعد ہندوستان کی متنوع تہذیب، ثقافتی ورثے اور صدیوں پر محیط روایات کو دلکش انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا گیا۔

تقریب کی نمایاں جھلکیوں میں ایک منفرد ہند۔ اسکاٹ ثقافتی اشتراک بھی شامل تھا، جس میں دونوں ممالک کے موسیقاروں اور فنکاروں نے مشترکہ طور پر دلکش جگل بندی پیش کی۔ اس منفرد پیشکش نے گلاسگو سے احمد آباد تک دولتِ مشترکہ کھیلوں کی میزبانی کی منتقلی کو خوبصورت علامتی انداز میں پیش کیا۔

کھیلوں کے میدان میں بھی ہندوستان کے لیے یہ ایڈیشن کامیاب رہا۔ ہندوستان نے مجموعی طور پر 39 تمغے جیت کر تمغوں کی فہرست میں چوتھا مقام حاصل کیا۔ ان تمغوں میں 13 طلائی، 17 چاندی اور 9 کانسی کے تمغے شامل رہے۔

اگرچہ 2022 میں برمنگھم دولتِ مشترکہ کھیلوں میں ہندوستان نے 61 تمغے جیتے تھے، تاہم اس بار صورت حال مختلف رہی کیونکہ گلاسگو کے مقابلوں کے پروگرام سے کئی ایسے کھیل نکال دیے گئے تھے جن میں ہندوستان روایتی طور پر تمغے حاصل کرتا رہا ہے۔

صرف 122 کھلاڑیوں پر مشتمل دستے کے باوجود، جبکہ برمنگھم میں ہندوستان نے 210 کھلاڑی اتارے تھے، اس بار بھی ملک نے چوتھا مقام برقرار رکھا۔ مزید یہ کہ 38 ہندوستانی کھلاڑی تمغے جیتنے میں کامیاب رہے، جبکہ طویل فاصلے کے دھاوک گل ویر سنگھ واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے دو تمغے اپنے نام کیے۔

گلاسگو میں میزبانی کی رسمی منتقلی مکمل ہونے کے بعد اب تمام توجہ احمد آباد پر مرکوز ہو گئی ہے، جہاں 2030 میں دولتِ مشترکہ کھیلوں کے تاریخی صد سالہ ایڈیشن کا انعقاد ہوگا۔ یہ موقع نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دولتِ مشترکہ برادری کے لیے ایک نئے باب کا آغاز تصور کیا جا رہا ہے۔