تہران:ایران نے کہا ہے کہ وہ 2026 فیفا ورلڈ کپ میں اپنی قومی فٹبال ٹیم کی شرکت کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ بدھ کے روز حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے اس بات کی تصدیق کی۔الجزیرہ ویب سائٹ کے مطابق فاطمہ مہاجرانی نے سرکاری نشریاتی ادارے کو بتایا کہ وزارت کھیل و نوجوانان نے ٹیم کی شرکت کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
ایران توسیع شدہ 48 ٹیموں کے ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے اور اسے گروپ جی میں بیلجیم نیوزی لینڈ اور مصر کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ موجودہ شیڈول کے مطابق اس کے میچ لاس اینجلس اور سیئٹل میں کھیلے جائیں گے۔امریکہ 2026 فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ مشترکہ طور پر کرے گا۔ یہ ٹورنامنٹ 104 میچوں پر مشتمل ہوگا جس کا آغاز 11 جون کو میکسیکو سٹی اسٹیڈیم میں ہوگا جبکہ فائنل 19 جولائی کو نیو یارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باعث ایران کی امریکہ میں شرکت پر خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے۔ امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں اور اس کے جواب میں تہران کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں امریکی تنصیبات پر کارروائیوں نے صورتحال کو مزید حساس بنا دیا تھا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات نے بھی معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا جب انہوں نے ٹیم کی سکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ شاید ایران کے لیے امریکہ میں کھیلنا مناسب نہ ہو۔
تازہ پیش رفت کے مطابق ٹرمپ نے منگل کے روز ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کیا ہے تاکہ تہران کو مذاکرات کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے کا مزید وقت مل سکے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایرانی حکومت اندرونی طور پر تقسیم کا شکار ہے۔ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ یہ فیصلہ ایران کے اندرونی اختلافات اور عالمی فریقین کی اپیلوں کے بعد کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی فوج الرٹ رہے گی اور مزید سفارتی پیش رفت تک ناکہ بندی برقرار رکھی جائے گی۔
2026 کا فیفا ورلڈ کپ تاریخ کا سب سے بڑا ایڈیشن ہوگا جس میں 48 ٹیمیں اور 104 میچ شامل ہوں گے۔ افتتاحی میچ میکسیکو سٹی میں جبکہ فائنل نیو جرسی میں کھیلا جائے گا۔