سابق افغان فاسٹ بالر شاپور زدران کی حالت تشویشناک

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 20-04-2026
سابق افغان فاسٹ بالر شاپور زدران  کی حالت  تشویشناک
سابق افغان فاسٹ بالر شاپور زدران کی حالت تشویشناک

 



نئی دہلی: سابق افغان فاسٹ بولر شاپور زدران اس وقت نئی دہلی کے ایک اسپتال کے آئی سی یو میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق وہ ایک نہایت خطرناک بیماری ہیموفیگوسائٹک لیمفوہسٹیوسائٹوسس کا شکار ہیں جس میں مدافعتی نظام ناکام ہونے لگتا ہے۔

شاپور جنوری سے اس بیماری کے ایک پیچیدہ مرحلے کا علاج کروا رہے ہیں۔ انہوں نے 2009 سے 2020 کے درمیان افغانستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 80 بین الاقوامی میچ کھیلے جن میں 44 ون ڈے اور 36 ٹی 20 شامل ہیں۔ ان کی طبیعت گزشتہ سال اکتوبر میں خراب ہونا شروع ہوئی تھی جس کے بعد افغانستان میں ڈاکٹروں نے انہیں مزید علاج کے لیے ہندوستان جانے کا مشورہ دیا۔

ان کے بھائی غمائی زدران کے مطابق افغان ٹی 20 ٹیم کے کپتان راشد خان اور افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین مرویس اشرف نے ان کے ویزے کے عمل کو تیز کروانے میں مدد کی۔ اشرف نے آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ سے رابطہ کیا جبکہ راشد خان نے اپنی فرنچائز روابط استعمال کیے۔ شاپور 18 جنوری کو ہندوستان پہنچے اور اسپتال میں داخل ہوئے۔

غمائی کے مطابق شاپور کے جسم میں شدید انفیکشن پھیل گیا تھا جس میں تپ دق بھی شامل تھی اور یہ دماغ تک پہنچ گئی تھی جس کی تصدیق ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین سے ہوئی۔ کچھ عرصے تک حالت میں بہتری آئی لیکن دوبارہ انفیکشن کے باعث انہیں پھر اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔

بعد میں انہیں ڈینگی بھی ہوگیا اور ان کا مدافعتی نظام انتہائی کمزور ہو گیا کیونکہ خون کے سرخ خلیات کی تعداد بہت کم ہو گئی تھی۔ 26 مارچ کے قریب بون میرو ٹیسٹ سے معلوم ہوا کہ وہ ایچ ایل ایچ کے چوتھے مرحلے میں ہیں۔

فی الحال شاپور کی حالت کمزور ہے لیکن خاندان کو امید ہے کہ حالیہ اسٹرائیڈ علاج سے بتدریج بہتری آئے گی۔