کولکاتا :نصب ارجنٹائن کے لیجنڈری فٹبالر Lionel Messi کا 70 فٹ بلند مجسمہ حفاظتی خدشات کے باعث ہٹایا جا رہا ہے۔ مقامی حکام کے مطابق مجسمہ تیز ہوا میں ہلتا ہوا محسوس ہوا جس کے بعد اس کی ساختی مضبوطی پر سوالات اٹھ گئے۔
یہ مجسمہ گزشتہ سال دسمبر میں میسی کے بھارت کے “گوٹ ٹور” سے قبل ان کے مداحوں نے بطور خراجِ تحسین تعمیر کیا تھا۔ مجسمے میں میسی کو 2022 فیفا ورلڈ کپ ٹرافی تھامے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
میسی نے گزشتہ برس اپنے انٹر میامی ساتھیوں Luis Suarez اور Rodrigo De Paul کے ساتھ بھارت کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے مغربی بنگال۔ حیدرآباد۔ ممبئی اور دہلی کا سفر کیا۔
پیر کے روز مقامی رہائشیوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کو شکایت کی کہ مجسمہ ہوا میں غیر مستحکم دکھائی دے رہا ہے۔ بعد ازاں حکام نے معائنہ کیا جس میں معلوم ہوا کہ مجسمے کی ساختی مضبوطی متاثر ہو چکی ہے اور کسی ممکنہ حادثے سے پہلے اسے ہٹانا ضروری ہے۔
مغربی بنگال کے رکن اسمبلی Sharadwat Mukherjee نے کہا کہ ارجنٹائنی فٹبال لیجنڈ کا مجسمہ محفوظ نہیں پایا گیا اور یہ ہوا میں جھولتا ہوا محسوس ہو رہا تھا۔
یہ یادگار صرف 27 دنوں میں تعمیر کی گئی تھی جبکہ اب حکام اس مجسمے کو دوبارہ نصب کرنے کے لیے متبادل مقام تلاش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ ہفتے میسی کے “گوٹ ٹور” کے مرکزی منتظم ستادرو دتہ نے مغربی بنگال کے سابق وزیر کھیل اروپ بسواس کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ شکایت میں الزام لگایا گیا کہ میسی کے کولکاتا ایونٹ کے ٹکٹوں کا غلط استعمال کیا گیا اور منتظمین پر خصوصی رسائی کارڈ جاری کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔
میسی کے کولکاتا پروگرام کے دوران اس وقت ہنگامہ آرائی بھی ہوئی تھی جب سالٹ لیک اسٹیڈیم میں مہنگے ٹکٹ خریدنے والے شائقین نے میسی کے جلد روانہ ہونے پر بوتلیں پھینکنا اور گیٹس توڑنے کی کوشش کی۔
مشتعل شائقین نے ناقص انتظامات پر احتجاج کرتے ہوئے اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ بھی کی اور الزام لگایا کہ وی آئی پیز اور سیاست دانوں نے میسی تک رسائی محدود کر دی تھی جس کے باعث کئی شائقین انہیں قریب سے دیکھ بھی نہ سکے۔
صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہوگئی جب بعض افراد نے ممنوعہ حصوں میں داخل ہو کر ایونٹ کے خیموں اور گول پوسٹ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ بعد ازاں پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے معمولی طاقت استعمال کر کے ہجوم کو منتشر کیا اور صورتحال پر قابو پایا۔