گواڈالاخارا :فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ اے کے دوسرے میچ میں جنوبی کوریا نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے چیک ریپبلک کو 1-2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کیا۔
میکسیکو کے شہر گواڈالاخارا میں کھیلے گئے اس دلچسپ مقابلے کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔ تاہم دوسرے ہاف کے 59ویں منٹ میں چیک ریپبلک کے کپتان لاڈیسلاو کریجچی نے ہیڈر کے ذریعے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
برتری حاصل کرنے کے باوجود چیک ریپبلک زیادہ دیر خوش نہ رہ سکا۔ جنوبی کوریا کے مڈفیلڈر ہوانگ اِن بیوم نے 67ویں منٹ میں شاندار انفرادی کوشش کے ذریعے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔
میچ کا فیصلہ کن لمحہ 80ویں منٹ میں آیا جب متبادل کھلاڑی او ہیون گیو نے ہوانگ اِن بیوم کے خوبصورت پاس پر گول کر کے جنوبی کوریا کو 1-2 کی برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
جنوبی کوریا کے کپتان سون ہیونگ من اگرچہ گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے لیکن انہوں نے متعدد مواقع پیدا کیے اور پوری ٹیم کی جارحانہ حکمت عملی میں اہم کردار ادا کیا۔ جنوبی کوریا نے میچ میں زیادہ وقت گیند اپنے پاس رکھی اور چیک ریپبلک کے مقابلے میں زیادہ حملے کیے۔
چیک ریپبلک کو 77ویں منٹ میں ایک اور گول کرنے کا موقع ملا تھا جب توماش سوچیک نے ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچائی لیکن ریفری نے آف سائیڈ قرار دے کر گول مسترد کر دیا۔
اس کامیابی کے ساتھ جنوبی کوریا نے گروپ اے میں اپنے تین پوائنٹس حاصل کر لیے اور وہ میزبان میکسیکو کے ساتھ پوائنٹس کی دوڑ میں شامل ہو گیا۔ جنوبی کوریا کا اگلا مقابلہ میکسیکو سے ہوگا جبکہ چیک ریپبلک جنوبی افریقا کے خلاف میدان میں اترے گا۔ یاد رہے کہ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان میکسیکو نے جنوبی افریقا کو 0-2 سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں جنوبی افریقا کے دو کھلاڑیوں کو سخت کھیل پر ریڈ کارڈ دکھایا گیا تھا جس کے بعد ٹیم نے میچ کا بڑا حصہ صرف نو کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا۔ کھیل کے اختتامی لمحات میں میکسیکو کے ایک کھلاڑی کو بھی ریڈ کارڈ دکھایا گیا تھا۔