پرتگال نے میچ کے صرف چھٹے منٹ میں ژاؤ ناویس کے گول کی بدولت سبقت حاصل کر لی۔ تاہم کانگو نے شاندار واپسی کرتے ہوئے پہلے ہاف کے اختتام سے قبل یان ویسا کے ذریعے گول اسکور کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔
دوسرے ہاف میں پرتگال کو ایک مرتبہ پھر برتری حاصل کرنے کا موقع ملا لیکن جواؤ کینسیلو کا گول آف سائیڈ قرار دے دیا گیا۔ اس کے بعد بھی پرتگالی ٹیم نے متعدد حملے کیے مگر گیند کو جال میں نہ پہنچا سکی اور میچ ایک، ایک گول کی برابری پر ختم ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق پرتگال کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہ رہی۔ گیند پر 75 فیصد کنٹرول رکھنے کے باوجود ٹیم صرف تین مرتبہ ہدف پر شاٹ لگا سکی۔
اسٹار فارورڈ کرسٹیانو رونالڈو بھی میچ میں خاطر خواہ اثر نہ چھوڑ سکے۔ انہوں نے پورے مقابلے کے دوران صرف 25 مرتبہ گیند کو چھوا، جو کسی بڑے ٹورنامنٹ میں مکمل 90 منٹ کھیلتے ہوئے ان کے کیریئر کی کم ترین تعداد ہے۔
رونالڈو اب پرتگال کی جانب سے فیفا ورلڈ کپ اور یورو کپ سمیت بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے مسلسل دس میچوں میں گول کرنے میں ناکام رہے ہیں۔