فلوریڈا : برازیل کے سپر اسٹار فٹبالر Neymar نے تقریباً تین سال بعد قومی ٹیم کے لیے واپسی کرتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں میدان میں قدم رکھا۔ 34 سالہ نیمار برازیل کی 3-0 کی فتح کے دوران دوسرے ہاف میں متبادل کھلاڑی کے طور پر شامل ہوئے۔
نیمار اکتوبر 2023 کے بعد پہلی مرتبہ برازیل کے لیے ایکشن میں نظر آئے۔ وہ یوروگوئے کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں گھٹنے کے شدید اے سی ایل زخم کا شکار ہوگئے تھے، جس کے باعث طویل عرصے تک فٹبال سے دور رہے اور برازیل کے کوالیفائنگ مرحلے میں محدود کردار ادا کرسکے۔
اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ کے 76ویں منٹ میں نیمار نے میتھیوس کونیا کی جگہ میدان میں آکر اپنی واپسی کا اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ اپنے کیریئر میں چوتھی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ وہ 2014، 2018، 2022 اور اب 2026 کے ورلڈ کپ ایڈیشنز میں برازیل کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
ورلڈ کپ کے آغاز میں ہیٹی کے خلاف برازیل کے میچ سے قبل نیمار مکمل فٹنس حاصل نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم کے ساتھ سفر نہیں کرسکے تھے اور نیو جرسی میں بحالی پروگرام جاری رکھا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے میدان میں جسمانی اور گیند کے ساتھ مشقیں شروع کیں اور بالآخر اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں واپسی کی۔
میچ کی بات کی جائے تو برازیل نے اسکاٹ لینڈ کو 3-0 سے شکست دے کر گروپ سی میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی اور ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ برازیل کے ساتھ Morocco بھی اگلے مرحلے میں پہنچ گیا۔
برازیل کی فتح میں Vinicius Junior نے مرکزی کردار ادا کیا اور پہلے ہاف میں دو گول اسکور کیے۔ تیسرا گول میتھیوس کونیا نے کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ونیسیئس جونیئر نے ایک تاریخی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ وہ گزشتہ 24 برس میں پہلے برازیلین کھلاڑی بن گئے جنہوں نے ورلڈ کپ میں برازیل کے ابتدائی تینوں میچوں میں گول اسکور کیا۔ اس سے قبل یہ کارنامہ Ronaldo Nazario اور Rivaldo نے 2002 میں انجام دیا تھا۔
برازیل نے گروپ مرحلہ سات پوائنٹس کے ساتھ ختم کیا جبکہ اسکاٹ لینڈ کو اب بہترین تیسرے نمبر کی ٹیموں میں جگہ ملنے کی امید پر انتظار کرنا ہوگا۔