فیفا ورلڈ کپ:مراکش کی شاندار فتح، کینیڈا کو 3-0 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 05-07-2026
فیفا ورلڈ کپ:مراکش کی شاندار فتح، کینیڈا کو 3-0 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل  میں
فیفا ورلڈ کپ:مراکش کی شاندار فتح، کینیڈا کو 3-0 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں

 



بوسٹن:  مراکش نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ممالک میں شامل کینیڈا کو 3-0 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جبکہ کینیڈا ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والا پہلا میزبان ملک بن گیا۔

 2022 کے ورلڈ کپ کی سیمی فائنلسٹ ٹیم مراکش اب کوارٹر فائنل میں فرانس یا پیراگوئے میں سے کسی ایک مضبوط حریف کا سامنا کرے گی۔

میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، جہاں کھیل زیادہ تر فاؤلز اور جسمانی ٹکراؤ تک محدود رہا۔ گول کرنے کے واضح مواقع کم بنے جبکہ ریفری کو متعدد بار پیلا کارڈ دکھانا پڑا۔

پہلے ہاف میں کینیڈا نے بہتر کھیل پیش کیا اور 68 ہزار 777 تماشائیوں کے سامنے کئی خطرناک حملے کیے، تاہم وہ ان مواقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی۔ دسویں منٹ میں ٹانی اولوواسیئی کے طاقتور شاٹ کو مراکش کے گول کیپر یاسین بونو نے شاندار انداز میں ناکام بنایا، جبکہ ایک کارنر پر السٹیئر جانسٹن کا فری ہیڈر بھی گول میں تبدیل نہ ہو سکا۔

20ویں منٹ میں مراکش کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب ٹورنامنٹ میں تین گول کرنے والے اسماعیل صیباری انجری کے باعث میدان چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔ ان کی جگہ سفیان رحیمی کو میدان میں اتارا گیا۔ پانی کے وقفے کے بعد رحیمی نے دور سے شاٹ لگا کر مراکش کی جانب سے پہلا آن ٹارگٹ شاٹ لیا۔

ہاف ٹائم سے قبل مراکش کے کپتان اشرف حکیمی اور کینیڈا کے رچی لاریا کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ اور دھکم پیل بھی دیکھنے میں آئی، جس پر ریفری مائیکل اولیور نے دونوں کھلاڑیوں کو پیلا کارڈ دکھایا۔ پہلے ہاف کے اختتام تک مجموعی طور پر چھ کھلاڑیوں کو پیلے کارڈز مل چکے تھے، جن میں چار مراکش کے تھے۔

دوسرے ہاف میں مراکش نے مکمل طور پر مختلف انداز میں کھیل پیش کیا۔ 50ویں منٹ میں اشرف حکیمی نے فری کک پر گیند عزالدین اوناحی کو پاس کی، جنہوں نے باکس کے باہر سے طاقتور شاٹ لگا کر گیند جال میں پہنچا دی۔ کینیڈا کے گول کیپر میکسیم کریپو اپنے ہی دفاعی کھلاڑیوں کی وجہ سے گیند کو بروقت نہ دیکھ سکے اور مراکش کو 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔

گول کے بعد کینیڈا نے میچ میں واپسی کی بھرپور کوشش کی، لیکن مراکش کا دفاع مضبوط ثابت ہوا۔ 82ویں منٹ میں عزالدین اوناحی نے ایک تیز جوابی حملے پر اپنا دوسرا گول اسکور کرکے کینیڈا کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

انجری ٹائم کے آخری لمحات، یعنی 98ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی سفیان رحیمی نے ایک اور خوبصورت گول کرکے مراکش کی 3-0 کی فیصلہ کن فتح پر مہر ثبت کردی۔

اس شاندار کامیابی کے ساتھ مراکش نے مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، جبکہ میزبان کینیڈا کو اپنے ہی شائقین کے سامنے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔