گواڈالوپ (میکسیکو): افریقی طاقتور ٹیم مراکش نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اپنی شاندار مہم جاری رکھتے ہوئے راؤنڈ آف 32 کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں نیدرلینڈز کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 2-3 سے شکست دے کر آخری 16 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ہاف میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا لیکن کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ میچ کا پہلا گول 72ویں منٹ میں آیا جب کرائسنسیو سمر ویل کے عمدہ پاس پر کوڈی گاکپو نے شاندار فنش کرتے ہوئے نیدرلینڈز کو 0-1 کی برتری دلا دی۔
یہ گول گاکپو کے لیے جذباتی لمحہ بھی تھا۔ گول اسکور کرنے کے بعد وہ آبدیدہ ہو گئے کیونکہ حال ہی میں ان کی شریک حیات نوآ فان ڈیر بیج کے حمل کا ضیاع ہوا تھا۔ ان کے ساتھی کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف میدان میں آ کر انہیں دلاسہ دیتے رہے۔
جب ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ نیدرلینڈز کامیابی حاصل کر لے گا تو مراکش نے انجری ٹائم میں شاندار واپسی کی۔ 91ویں منٹ میں شمس الدین طالبی کے کراس پر عیسیٰ دیوپ نے زبردست ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔
اضافی وقت کے 30 منٹ میں دونوں ٹیمیں فیصلہ کن گول نہ کر سکیں اور میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر پہنچ گیا۔
پنالٹی شوٹ آؤٹ میں دونوں ٹیموں نے دو، دو پنالٹیاں ضائع کیں، تاہم مراکش کے گول کیپر یاسین بونو نے ایک مرتبہ پھر اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرائسنسیو سمر ویل کی پنالٹی روک لی۔
اس کے بعد اسماعیل صائباری نے فیصلہ کن پنالٹی کامیابی سے گول میں تبدیل کرکے مراکش کو 2-3 سے تاریخی فتح دلائی، جس کے بعد مراکشی کھلاڑیوں اور شائقین نے بھرپور جشن منایا۔
یہ راؤنڈ آف 32 کے بہترین مقابلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ عالمی درجہ بندی میں مراکش چھٹے جبکہ نیدرلینڈز ساتویں نمبر پر تھا۔ یہ ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ بھی تھا جس کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے ہوا۔
اب مراکش راؤنڈ آف 16 میں کینیڈا کا مقابلہ کرے گا۔ یہ میچ ہفتہ کو این آر جی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں مراکش اپنی تاریخی مہم کو مزید آگے بڑھانے کی کوشش کرے گا۔