یہ فتح میکسیکو کی 1986 کے بعد ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہلی کامیابی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم نے ناک آؤٹ مرحلے میں مسلسل 8 شکستوں کا سلسلہ بھی ختم کر دیا جو ورلڈ کپ کی تاریخ کا طویل ترین سلسلہ تھا۔شدید بارش اور آسمانی بجلی کے باعث ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہونے والے اس مقابلے میں میکسیکو نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا۔
پہلے ہاف میں جولین کوئنونیس نے ایکواڈور کے دفاعی کھلاڑی کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلا گول کیا۔ اس کے بعد راؤل خیمنیز نے ایک اور گول کرکے میکسیکو کی برتری 0-2 کر دی۔دوسرے ہاف میں ایکواڈور نے گیند پر زیادہ کنٹرول رکھتے ہوئے واپسی کی کوشش کی لیکن میکسیکو کا مضبوط دفاع اس کے راستے میں دیوار بن گیا اور ٹیم نے ایک اور کلین شیٹ اپنے نام کی۔ انجری ٹائم میں ایکواڈور کے دفاعی کھلاڑی پییرو ہنکاپیے کو ریڈ کارڈ بھی دکھایا گیا۔
یہ میکسیکو کی ٹورنامنٹ میں مسلسل چوتھی فتح ہے اور ٹیم نے اب تک ایک بھی گول اپنے خلاف نہیں ہونے دیا۔ خاویر اگیری کی قیادت میں میکسیکو اس ورلڈ کپ کی نمایاں ٹیموں میں شامل ہو گیا ہے۔اب میکسیکو کا مقابلہ راؤنڈ آف 16 میں انگلینڈ اور ڈی آر کانگو کے درمیان ہونے والے میچ کے فاتح سے ہوگا۔
اس میچ میں 17 سالہ مڈفیلڈر گلبرٹو مورا نے بھی تاریخ رقم کی۔ وہ 17 سال اور 259 دن کی عمر میں فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز کرنے والے تاریخ کے دوسرے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے۔ اس فہرست میں پہلے نمبر پر برازیل کے لیجنڈ پیلے ہیں جنہوں نے 1958 کے ورلڈ کپ میں 17 سال اور 239 دن کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
راؤل خیمنیز نے بھی ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔ 35 سال اور 56 دن کی عمر میں وہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں گول کرنے والے معمر ترین میکسیکن کھلاڑی بن گئے۔ وہ اپنی 30 سال سے زائد عمر میں ناک آؤٹ مرحلے میں گول کرنے والے پہلے میکسیکن فٹبالر بھی ہیں۔