فیفا نے عالمی کپ کے فائنل کے لیے سلووینیا کے سلاوکو ونچیچ کو ریفری مقرر کیا ہے۔ ان کے ہم وطن توماژ کلانچنک پہلے اسسٹنٹ ریفری اور آندراز کوواچیچ دوسرے اسسٹنٹ ریفری ہوں گے۔ اردن کے ادہم مخادمہ چوتھے آفیشل جبکہ سعودی عرب کے محمد الکلاف ریزرو اسسٹنٹ ریفری کی ذمہ داری انجام دیں گے۔
تیسری پوزیشن کے مقابلے کے لیے فیفا نے وینزویلا کے خیسوس والینزویلا کو ریفری مقرر کیا ہے۔ ان کے ہم وطن خورخے اوریگو پہلے اور تولیو مورینو دوسرے اسسٹنٹ ریفری ہوں گے۔ مراکش کے جلال جاید چوتھے آفیشل جبکہ زکریا برنسی ریزرو اسسٹنٹ ریفری ہوں گے۔
دوسری جانب دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے سیمی فائنل میں شاندار واپسی کرتے ہوئے انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ پہلے ہاف میں ایک گول سے پیچھے ہونے کے باوجود ارجنٹینا نے آخری لمحات میں میچ کا نقشہ بدل دیا۔
میچ میں لیونل میسی نے اگرچہ کوئی گول نہیں کیا لیکن دونوں گولوں میں فیصلہ کن معاونت فراہم کی۔ 85 ویں منٹ میں انزو فرنانڈیز نے میسی کے پاس پر گول کر کے مقابلہ برابر کیا جبکہ اضافی وقت میں میسی کے شاندار کراس پر لاؤتارو مارٹینیز نے ہیڈر کے ذریعے فاتحانہ گول اسکور کیا۔
اس سے قبل انگلینڈ نے 55 ویں منٹ میں انتھونی گورڈن کے گول کی بدولت برتری حاصل کی تھی۔ یہ گول مورگن راجرز کے کراس پر کیا گیا تھا لیکن ارجنٹینا نے زبردست واپسی کرتے ہوئے مسلسل دوسری بار عالمی کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
اب انگلینڈ کی ٹیم تیسری پوزیشن کے لیے فرانس کا سامنا کرے گی جبکہ ارجنٹینا اتوار کو اسپین کے خلاف عالمی اعزاز کے دفاع کے لیے میدان میں اترے گا۔
ادھر اسپین نے سیمی فائنل میں فرانس کو 0-2 سے شکست دے کر 2010 کے بعد پہلی مرتبہ عالمی کپ کے فائنل میں جگہ بنائی۔
اسپین کی کامیابی میں نوجوان اسٹار لامین یامال نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے لوکاس دینیے سے گیند چھین کر پنالٹی حاصل کی جسے 22 ویں منٹ میں میکیل اویارسابال نے گول میں تبدیل کر دیا۔ دوسرے ہاف میں پیڈرو پورو نے دانی اولمو کے ساتھ شاندار اشتراک کے بعد دوسرا گول کر کے اسپین کی برتری مستحکم کر دی۔
فرانس نے آخری لمحات میں واپسی کی کوشش کی لیکن کیلیان ایمباپے اور اوریلیاں شوامینی سمیت کسی بھی کھلاڑی کو کامیابی نہ مل سکی۔ اسپین کے دفاع نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے سات میچوں میں چھٹی مرتبہ کلین شیٹ برقرار رکھی۔
اس فتح کے ساتھ اسپین نے اپنی تاریخ میں دوسری مرتبہ فیفا عالمی کپ کے فائنل میں جگہ بنائی جہاں اس کا مقابلہ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا سے ہوگا۔