تہران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل باقائی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 سے ایرانی ٹیم کے اخراج کے باوجود کھلاڑیوں کی یکجہتی، ثابت قدمی اور عزم کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے دباؤ، امتیازی سلوک اور مختلف پابندیوں کے باوجود حوصلہ نہیں ہارا اور آخر تک پوری لگن کے ساتھ مقابلہ کیا۔
باقائی نے کہا کہ ایرانی ٹیم نے ثابت کیا کہ اصل کامیابی مایوسی اور ہتھیار ڈالنے کی سوچ پر قابو پانے میں ہے۔ ان کے مطابق نہ پابندیاں بہانہ بنیں اور نہ ہی دباؤ کے باعث ٹیم نے ہار مانی، بلکہ کھلاڑیوں نے ہر مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور آخری لمحے تک امید اور مثبت جذبہ برقرار رکھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نتائج سے بڑھ کر اہم یہ ہے کہ ٹیم نے قوم کو جوش، ولولہ، خوشی اور اتحاد کا احساس دیا اور سب کو اپنے وطن ایران سے مشترکہ محبت کی یاد دلائی۔
ایران کی ٹیم گروپ جی میں مصر کے خلاف 1-1 سے ڈرا کھیلنے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔ دوسری جانب آسٹریا اور الجزائر کے درمیان 3-3 سے ڈرا ہونے کے نتیجے میں ایران اگلے مرحلے، یعنی راؤنڈ آف 32، کے لیے کوالیفائی نہ کر سکا۔
ایرانی ٹیم نے اپنے گروپ مرحلے کی مہم تین پوائنٹس کے ساتھ مکمل کی، تاہم یہ ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے کافی ثابت نہ ہو سکا۔