نیو جرسی:فیفا ورلڈ کپ 2026 میں مانچسٹر سٹی کے اسٹار اسٹرائیکر ارلنگ ہالینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول کیے جس کی بدولت ناروے نے سینیگال کو 2-3 سے شکست دے کر گروپ آئی سے راؤنڈ آف 32 میں جگہ پکی کرلی۔ یہ سنسنی خیز مقابلہ نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
مارکس پیڈرسن نے پہلے ہاف کے اختتام سے قبل ناروے کو برتری دلائی جبکہ ہالینڈ نے دوسرے ہاف میں دو گول اسکور کیے۔ سینیگال کی جانب سے اسمائیلا سار نے دونوں گول کر کے زبردست واپسی کی کوشش کی لیکن ناروے کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ناروے نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور ابتدائی 4 منٹ میں 4 کارنر حاصل کیے۔ کرسٹوفر آجر کا ہیڈر سینیگال کے گول کیپر ایڈورڈ مینڈی نے بچا لیا جبکہ مارٹن اوڈیگارڈ کی کوشش بھی ناکام رہی۔
44ویں منٹ میں جولین رائرسن کی جگہ میدان میں آنے والے مارکس پیڈرسن نے کالیڈو کولیبالی کی ناقص کلیئرنس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند جال میں پہنچا دی اور ناروے کو 0-1 کی برتری دلا دی۔
پہلے ہاف کے اختتام سے قبل ہالینڈ کے پاس برتری دگنی کرنے کا موقع تھا لیکن ان کی شاٹ پوسٹ سے ٹکرا گئی۔ تاہم دوسرے ہاف کے آغاز کے صرف 3 منٹ بعد اوڈیگارڈ کے پاس پر ہالینڈ نے تیز رفتار جوابی حملے کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے اسکور 0-2 کر دیا۔53ویں منٹ میں سادیو مانے کے پاس پر اسمائیلا سار نے گول کر کے سینیگال کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی اور خسارہ کم کر دیا۔
ناروے نے صرف 5 منٹ بعد دوبارہ 2 گول کی برتری حاصل کر لی جب پیٹرک برگ کے لو کراس پر ہالینڈ نے شاندار والی کے ذریعے گیند کراس بار کے نچلے حصے سے جال میں پہنچا دی اور اپنا دوسرا گول اسکور کیا۔سینیگال کو اس وقت مزید دھچکا لگا جب گول کیپر ایڈورڈ مینڈی انجری کے باعث میدان چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔ اس دوران پاتھے سِس نے آسکر بوب کو گول کرنے سے روکنے کے لیے شاندار گول لائن کلیئرنس کی۔
پاپے تھیاؤ کی قیادت میں سینیگال نے آخری لمحات تک دباؤ برقرار رکھا اور اضافی وقت میں اسمائیلا سار نے اپنا دوسرا گول کر کے اسکور 2-3 کر دیا۔ آخری لمحات میں سار کے پاس برابر کرنے کا بہترین موقع بھی آیا لیکن ان کا ہیڈر بار کے اوپر سے گزر گیا۔اس طرح ناروے نے 2-3 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے میں اپنی جگہ یقینی بنا لی۔