بوسٹن (امریکہ): فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ایل کے اہم مقابلے میں انگلینڈ اور گھانا کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ بوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کارلوس کیروش کی زیرِ قیادت گھانا نے شاندار دفاعی کھیل پیش کرتے ہوئے تھامس ٹوخل کی مضبوط انگلش ٹیم کو گول کرنے سے روک دیا۔
کروشیا کے خلاف 2-4 کی سنسنی خیز فتح کے بعد انگلینڈ سے ایک اور جارحانہ کارکردگی کی توقع کی جا رہی تھی، لیکن گھانا کے منظم دفاع نے ان کی تمام منصوبہ بندی ناکام بنا دی۔
میچ کے آغاز سے ہی انگلینڈ نے گیند پر کنٹرول برقرار رکھا اور حملے ترتیب دیے، تاہم گھانا کی پانچ رکنی دفاعی لائن اور مڈفیلڈ کے بھرپور تعاون نے خطرناک علاقوں میں انگلش کھلاڑیوں کے لیے جگہ نہ چھوڑی۔ ہیری کین زیادہ تر وقت تنہا نظر آئے جبکہ انگلینڈ کے تخلیقی کھلاڑی دفاعی حصار توڑنے میں ناکام رہے۔
اگرچہ انگلینڈ کے پاس گیند کا زیادہ قبضہ تھا، لیکن پہلے ہاف میں وہ گھانا کے گول کیپر بینجمن اسارے کو سنجیدہ آزمائش میں نہیں ڈال سکے۔ دوسری جانب بلیک اسٹارز نے صبر و تحمل کے ساتھ جوابی حملوں کے مواقع تلاش کیے اور انگلینڈ کو دور سے شاٹس لینے پر مجبور کیا، جو بے اثر ثابت ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق یہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا پہلا میچ تھا جس کے پہلے ہاف میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے گول پر ایک بھی شاٹ نہیں لگا۔
دوسرے ہاف میں انگلینڈ کے کوچ تھامس ٹوخل نے حکمتِ عملی تبدیل کرتے ہوئے بوکایو ساکا، مارکس راشفورڈ اور ایبریچی ایزے کو میدان میں اتارا تاکہ حملوں میں تیزی لائی جا سکے۔ اسی دوران جوڈ بیلنگھم کی جگہ مورگن راجرز کو شامل کیا گیا۔ 22 سال اور 359 دن کی عمر میں بیلنگھم انگلینڈ کے لیے 50 بین الاقوامی میچ کھیلنے والے کم عمر ترین مرد کھلاڑی بھی بن گئے۔
تبدیلیوں کے بعد انگلینڈ کے حملوں میں کچھ بہتری آئی اور ساکا نے دائیں ونگ سے کئی مواقع پیدا کیے، لیکن گھانا کا دفاع مسلسل مضبوط رہا اور مدافعین نے اہم پاسز اور حملوں کو ناکام بنایا۔
انگلینڈ کو میچ کا بہترین موقع 87ویں منٹ میں ملا جب متبادل کھلاڑی نیکو او ریلی کا طاقتور ہیڈر کراس بار سے ٹکرا گیا۔ ریباؤنڈ پر ہیری کین نے گول کرنے کی کوشش کی، لیکن ان کی شاٹ بار کے اوپر سے گزر گئی۔
اضافی وقت میں بھی انگلینڈ فتح کے قریب پہنچ گیا تھا، مگر گھانا کے دفاع نے گول لائن پر شاندار کلیئرنس کرتے ہوئے اپنی کلین شیٹ برقرار رکھی۔
میچ کے اختتام پر انگلینڈ کو ایک پوائنٹ پر اکتفا کرنا پڑا، جبکہ گھانا کی غیرمعمولی دفاعی کارکردگی نے انہیں قیمتی پوائنٹ دلا دیا۔ اس نتیجے کے بعد گروپ ایل میں انگلینڈ چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ گھانا بھی چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔