نیویارک: فیفا ورلڈ کپ 2026 میں فرانس نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے عالمی فٹ بال کی تاریخ میں ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ فرانس فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ کی پہلی ٹیم بن گئی ہے جس نے مسلسل پانچ میچوں میں تین یا اس سے زیادہ گول اسکور کیے ہیں۔
فیفا نے سویڈن کے خلاف راؤنڈ آف 32 میں فرانس کی 3-0 کی فتح کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر اس تاریخی کارنامے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فرانس نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں نئی مثال قائم کر دی ہے۔
مباپے کی شاندار کارکردگی، فرانس آخری 16 ٹیموں میں شامل
نیویارک، نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں فرانس کے کپتان کیلیان مباپے نے دو گول کر کے اپنی ٹیم کو سویڈن کے خلاف 3-0 کی فیصلہ کن فتح دلائی اور فرانس کو راؤنڈ آف 16 میں پہنچا دیا۔سویڈن کا ورلڈ کپ سفر اس شکست کے ساتھ ختم ہوگیا، جبکہ فرانس اب 4 جولائی کو پری کوارٹر فائنل میں پیراگوئے کا سامنا کرے گا۔
مباپے نے رونالڈو اور لیونیداس کا ریکارڈ توڑ دیا
فرانس کے اسٹار فارورڈ کیلیان مباپے نے میچ کے 45ویں اور 74ویں منٹ میں گول کرکے ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں اپنے مجموعی گولوں کی تعداد 10 کر دی۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے برازیل کے عظیم فٹبالر رونالڈو اور لیجنڈری اسٹرائیکر لیونیداس کے 8، 8 گولوں کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا۔
گولڈن بوٹ کی دوڑ میں میسی کے برابر
مباپے کا یہ ٹورنامنٹ میں چھٹا گول تھا، جس کے بعد وہ لیونل میسی کے ساتھ گولڈن بوٹ کی دوڑ میں برابر آ گئے ہیں۔اس کے علاوہ مباپے نے صرف 18 ورلڈ کپ میچوں میں اپنے مجموعی گولوں کی تعداد 18 تک پہنچا دی ہے، جبکہ میسی کے نام ورلڈ کپ میں 19 گول ہیں، جو انہوں نے 29 میچوں میں اسکور کیے تھے۔
فرانس کے کوچ ڈیڈیئر ڈیشان ذاتی صدمے کے باعث گروپ مرحلے کا آخری میچ نہیں کھیلوا سکے تھے، تاہم سویڈن کے خلاف واپسی پر ان کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسان فتح حاصل کی اور ٹائٹل کی دوڑ میں اپنی مضبوط دعویداری برقرار رکھی۔