کیلیفورنیا: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں مشترکہ میزبان کینیڈا نے جنوبی افریقہ کو 0-1 سے شکست دے کر پہلی بار ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف 16) میں جگہ بنا لی۔
میچ کے مقررہ وقت کے اختتام پر دونوں ٹیمیں بغیر کسی گول کے برابر تھیں، تاہم اسٹیفن یوسٹاکیو نے 92ویں منٹ میں فیصلہ کن گول کرکے کینیڈا کو تاریخی فتح دلا دی۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے ناقص کلیئرنس کے بعد پنالٹی ایریا کے باہر سے طاقتور شاٹ کھیلتے ہوئے گیند کو گول کی جال میں پہنچایا۔
پہلے ہاف میں جنوبی افریقہ نے اچھا کھیل پیش کیا، لیکن وہ اپنے مواقع سے فائدہ نہ اٹھا سکا۔ دوسرے ہاف میں کینیڈا نے کھیل پر گرفت مضبوط کرلی اور کئی حملے کیے، جنہیں جنوبی افریقہ کے گول کیپر رون وین ولیمز نے عمدہ انداز میں ناکام بنایا۔
75ویں منٹ میں الفانسو ڈیوس کی آمد نے کینیڈا کے حملوں میں مزید جان ڈال دی، تاہم فیصلہ کن لمحہ یوسٹاکیو کے گول نے پیدا کیا۔
اس کامیابی کے بعد کینیڈا اب راؤنڈ آف 16 میں نیدرلینڈز اور مراکش کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم کا سامنا کرے گا۔
شکست کے باوجود جنوبی افریقہ نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی حاصل کرکے اپنی مہم کا باوقار اختتام کیا۔