کینساس سٹی۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ای کے اہم مقابلے میں ایکواڈور کو کیوراساؤ کے خلاف بغیر کسی گول کے برابری پر اکتفا کرنا پڑا جس کے باعث ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کی اس کی امیدوں کو دھچکا پہنچا۔
میچ کے ہیرو کیوراساؤ کے گول محافظ ایلوی روم رہے جنہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ورلڈ کپ کی تاریخ کا پہلا پوائنٹ دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے پورے میچ میں ایک کے بعد ایک عمدہ بچاؤ کر کے ایکواڈور کے حملہ آوروں کو مایوس کیے رکھا۔
ایکواڈور نے آغاز ہی سے کھیل پر گرفت قائم رکھی اور متعدد مواقع پیدا کیے۔ تیسرے ہی منٹ میں کپتان اینر والینسیا گول کرنے کے قریب پہنچ گئے تھے لیکن ایلوی روم نے زبردست بچاؤ کر لیا۔ اس کے بعد بھی جان ییبواہ۔ پیڈرو ویتے۔ گونزالو پلاٹا اور والینسیا سمیت کئی کھلاڑیوں نے کوششیں کیں مگر کیوراساؤ کے گول محافظ دیوار بنے رہے۔
دوسرے ہاف میں بھی ایکواڈور کے حملے جاری رہے۔ موئسیس کائیسیڈو اور گونزالو پلاٹا نے گول کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن روم نے غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر خطرے کو ناکام بنا دیا۔
دوسری جانب کیوراساؤ نے جوابی حملوں میں بھی خطرہ پیدا کیا اور ایک موقع پر ایسا محسوس ہوا کہ وہ سبقت حاصل کر لے گا لیکن ایکواڈور کے گول محافظ ہرنان گالینڈیز نے شاندار دوہرا بچاؤ کر کے لیاندرو باکونا اور کومینینسیا کو گول سے محروم رکھا۔
اختتامی لمحات میں ایکواڈور نے پوری قوت کے ساتھ حملے کیے مگر ایلوی روم ناقابلِ تسخیر ثابت ہوئے۔ متبادل کھلاڑی نیلسن انگولو کی کوشش بھی ناکام رہی جبکہ اینجلو پریسیادو کی ایک خطرناک گیند کراس بار سے ٹکرا گئی۔
اس نتیجے کے بعد ایکواڈور مسلسل چوتھے ورلڈ کپ میچ میں فتح حاصل کرنے میں ناکام رہا اور اب اسے اپنے آخری گروپ میچ میں مضبوط حریف جرمنی کا سامنا کرنا ہوگا۔
دوسری طرف کیوراساؤ کے لیے یہ مقابلہ تاریخی حیثیت اختیار کر گیا۔ کیریبین ملک نے نہ صرف ورلڈ کپ فائنلز میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کیا بلکہ پہلی مرتبہ کسی میچ میں مخالف ٹیم کو گول کرنے سے بھی روک دیا۔