ٹورنٹو (کینیڈا): فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ایل کے اہم مقابلے میں کروشیا نے انٹے بُدیمیر کے واحد گول کی بدولت پاناما کو 0-1 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی امیدیں برقرار رکھیں۔ یہ میچ منگل کو ٹورنٹو اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
کروشیا، جو اپنے پہلے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 2-4 سے شکست کھا چکا تھا، اس کامیابی کے ساتھ دوبارہ ٹورنامنٹ کی دوڑ میں شامل ہو گیا۔
میچ کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے محتاط انداز اپنایا۔ پاناما کی ٹیم مڈفیلڈ میں منظم اور جارحانہ دکھائی دی، جس کے باعث کروشیا کے تجربہ کار کھلاڑی لوکا موڈرچ اور ماتیو کووچیچ کو کھیل بنانے کے لیے زیادہ جگہ نہ مل سکی۔
پہلے ہاف کا بہترین موقع پاناما کو 23ویں منٹ میں ملا جب خوسے لوئیس روڈریگیز نے ایک کراس پر زوردار ہیڈر لگایا، تاہم کروشیا کے گول کیپر ڈومینک لیواکووچ نے شاندار بچاؤ کرتے ہوئے گیند کو کراس بار سے ٹکرا دیا۔
دوسرے ہاف میں کروشیا کے کوچ زلاٹکو دالیچ نے حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے انٹے بُدیمیر کو میدان میں اتارا، جس کا فوری فائدہ ملا۔ 54ویں منٹ میں یوسیپ اسٹانیشچ کی جانب سے دائیں جانب سے دی گئی نپی تلی کراس پر بُدیمیر نے قریب سے گیند جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔
گول کے بعد پاناما نے برابر ی کے لیے بھرپور کوشش کی اور کئی خطرناک حملے کیے، لیکن لیواکووچ نے ایک بار پھر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد اہم بچاؤ کیے، جن میں قریب سے لگائے گئے ایک ہیڈر کو روکنا بھی شامل تھا۔
کروشیا کو جوابی حملوں میں برتری دگنی کرنے کے مواقع بھی ملے، لیکن وہ دوسرا گول کرنے میں ناکام رہا۔ دوسری جانب پاناما آخری لمحات تک دباؤ ڈالتا رہا، مگر کروشین دفاع نے مضبوطی سے مقابلہ کرتے ہوئے برتری برقرار رکھی۔
اس کامیابی کے بعد کروشیا کے گروپ ایل میں 3 پوائنٹس ہو گئے ہیں، جبکہ انگلینڈ اور گھانا 4،4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ اب کروشیا کے لیے اگلا گروپ میچ ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کے حوالے سے انتہائی اہم ہوگا۔