لندن۔ انگلینڈ کے مایہ ناز بلے باز جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں 14 ہزار رنز مکمل کر کے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے صرف دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہندستان کے عظیم بلے باز سچنتندولکر موجود ہیں۔
جو روٹ نے یہ کارنامہ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز انجام دیا۔ 463 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں انہوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 137 گیندوں پر 75 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں آٹھ چوکے شامل تھے۔
34 سالہ روٹ نے اب تک 165 ٹیسٹ میچوں کی 302 اننگز میں 14073 رنز بنائے ہیں۔ ان کی اوسط 50 اعشاریہ 98 ہے جبکہ وہ 41 سنچریاں اور 67 نصف سنچریاں بھی اسکور کر چکے ہیں۔ ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور 262 رنز ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ سچنتندولکر کے پاس ہے جنہوں نے 200 ٹیسٹ میچوں میں 15921 رنز بنائے تھے۔ ان کے نام 49 سنچریاں بھی درج ہیں۔ جو روٹ اب اس تاریخی ریکارڈ کے تعاقب میں ہیں۔
میچ کی بات کی جائے تو چوتھے دن کے اختتام پر انگلینڈ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنا لیے تھے۔ جو روٹ 75 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے جبکہ جارڈن کاکس ابھی کھاتہ نہیں کھول سکے تھے۔ ہیری بروک نے بھی جارحانہ انداز میں 58 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 391 رنز بنائے تھے۔ گلین فلپس نے 100 اور ٹام بلنڈل نے 51 رنز اسکور کیے۔ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 381 رنز بنا سکی اور پہلی اننگز میں 100 رنز کے خسارے کا شکار رہی۔
نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں 362 رنز بنا کر انگلینڈ کو جیت کے لیے 463 رنز کا ہدف دیا۔ ہنری نکولس نے 121۔ راچن رویندرا نے 76 اور ڈیرل مچل نے 68 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں۔
چوتھے دن کے اختتام پر میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا تھا اور تمام نظریں جو روٹ پر مرکوز تھیں جو ایک جانب اپنی ٹیم کو فتح دلانے اور دوسری جانب سچنتندولکر کے تاریخی ریکارڈ کے مزید قریب پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔