جنوبی افریقہ کو 342 رنز سے شکست، انگلینڈ کی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی جیت

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 08-09-2025
 جنوبی افریقہ کو 342 رنز سے شکست، انگلینڈ کی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی جیت
جنوبی افریقہ کو 342 رنز سے شکست، انگلینڈ کی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی جیت

 



ساؤتھمپٹن [برطانیہ]: انگلینڈ نے اتوار کو ایک ریکارڈ توڑ کارکردگی دکھاتے ہوئے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میچ میں 342 رنز سے ہرا کر ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کر لی۔ یہ میچ دی روز باؤل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔میزبان ٹیم کے لیے یہ دن بیٹنگ اور بولنگ دونوں محاذ پر شاندار رہا۔ اگرچہ جنوبی افریقہ نے سیریز 2-1 سے جیت لی، لیکن اس عبرتناک شکست نے پروٹیز کو مکمل طور پر بے بس کر دیا۔

انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 414/5 رنز بنائے۔ جنوبی افریقی بولرز انگلش بلے بازوں کے سامنے بالکل بے بس نظر آئے۔ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ دباؤ کے آگے ٹوٹ گیا اور صرف 72 رنز پر آل آؤٹ ہوگیا۔ یہ ان کا دوسرا کم ترین ون ڈے اسکور ہے۔ اس سے کم اسکور (69 رنز) انہوں نے 1993 میں آسٹریلیا کے خلاف بنایا تھا۔

انگلینڈ کے لیے جوفرآرچر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 9 اوورز میں 3 میڈن کے ساتھ 18 رنز دے کر 4 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ عادل رشید نے 13 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ برائیڈن کارس نے 33 رنز کے عوض 2 شکار کیے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور کربن بوش نے صرف 20 رنز بنایا۔یہ فتح اب ون ڈے تاریخ میں سب سے بڑے مارجن کی جیت ہے، جس نے بھارت کی 2023 میں سری لنکا کے خلاف 317 رنز کی فتح کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس فہرست میں آسٹریلیا (309 رنز بمقابلہ نیدرلینڈز، 2023)، زمبابوے (304 رنز بمقابلہ امریکا، 2023) اور بھارت (302 رنز بمقابلہ سری لنکا، 2023) بھی شامل ہیں۔

میچ میں انگلینڈ کے نوجوان آل راؤنڈر جیکب بیتھیل نے اپنے پروفیشنل کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 82 گیندوں پر 13 چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 110 رنز بنائے اور جو روٹ کے ساتھ 182 رنز کی شراکت قائم کی، جنہوں نے بھی سنچری اسکور کی۔21 سالہ بیتھیل انگلینڈ کے لیے ون ڈے سنچری بنانے والے دوسرے کم عمر کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ان سے کم عمر صرف ڈیوڈ گاور تھے، جنہوں نے 1978 میں پاکستان کے خلاف 21 سال اور 55 دن کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔میچ میں جوز بٹلر نے بھی دھواں دھار بیٹنگ کی اور 32 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 62 رنز بنا کر ٹیم کو 400 سے اوپر لے گئے۔ اس اننگز کے دوران انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے 12,000 رنز مکمل کیے۔انگلینڈ کی یہ شاندار جیت بیٹنگ اور بولنگ دونوں محاذوں پر ان کے تسلط کا ثبوت ہے، جو آنے والے میچوں کے لیے ان کی طاقت کا اعلان ہے۔