نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کو نئی دہلی میں ہندوستانی مخلوط معذور مردوں کی کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی۔ ٹیم 2026 کی 7 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے انگلینڈ کے دورے سے وطن واپس پہنچی ہے۔امیت شاہ نے ٹیم کو اس کی شاندار کارکردگی اور عزم پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے لیے اعزاز حاصل کرنے کا کھلاڑیوں کا جذبہ ہندوستان کے نوجوانوں کے لیے ایک تحریک ہے۔
امیت شاہ نے ایک پیغام میں کہا کہ نئی دہلی میں ہندوستان کی معذور مردوں کی کرکٹ ٹیم سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔ ٹیم 2026 کی ہندوستان انگلینڈ مردوں کی مخلوط معذور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے انگلینڈ کے دورے سے واپس آئی ہے۔ ملک کے لیے اعزاز حاصل کرنے کی ان کی کوششیں اور عزم ہندوستان کے نوجوانوں کے لیے باعث تحریک ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف 2026 کی ہندوستان انگلینڈ مردوں کی مخلوط معذور ٹی ٹوئنٹی سیریز 4-3 سے جیت لی۔ ٹیم نے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیت اور عزم کا شاندار مظاہرہ کیا۔ یہ کامیابی ہندوستان میں معذور افراد کی کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے اور اس کھیل سے وابستہ کھلاڑیوں کی بڑھتی ہوئی پذیرائی کو بھی ظاہر کرتی ہے۔
یاد رہے کہ 7 میچوں کی سیریز کا آغاز 5 اگست کو انگلینڈ کی 29 رنز کی کامیابی سے ہوا۔ انگلینڈ نے 159 رنز بنائے جبکہ ہندوستانی ٹیم 9 وکٹوں پر 130 رنز ہی بنا سکی۔ہندوستان نے 7 اگست کو شاندار واپسی کرتے ہوئے 6 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ ہندوستان نے 159 رنز بنائے اور انگلینڈ کو 4 وکٹوں پر 147 رنز تک محدود رکھا۔ 9ست کو ہندوستان نے مزید ایک کامیابی حاصل کی اور 125 رنز کے ہدف کا دفاع کرتے ہوئے انگلینڈ کو 8 رنز سے شکست دی۔12 اگست کو انگلینڈ نے 2 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کردی۔ اس کے بعد میزبان ٹیم نے 15 اور 16 اگست کو مسلسل 2 میچ جیتے اور ہندوستان کو بالترتیب 54 اور 18 رنز سے شکست دی۔تاہم ہندوستان نے 19 اگست کو سیریز کے آخری میچ میں شاندار واپسی کی۔ ہندوستان نے 4 وکٹوں پر 206 رنز بنائے اور انگلینڈ کو 18 رنز سے شکست دے کر تاریخی سیریز 4-3 سے اپنے نام کرلی۔