میچ کے ابتدائی لمحات سے ہی ایسٹ بنگال نے حملوں کا سلسلہ شروع کر دیا۔ وشنو کی ایک شاندار کوشش کراس بار سے ٹکرا گئی جبکہ جیکسن سنگھ اور جیسن ٹی کے نے بھی مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ دوسری جانب سی آئی ایس ایف نے دفاعی انداز اپنایا مگر زیادہ دیر تک حریف کو نہ روک سکی۔
38 ویں منٹ میں ایڈمنڈ لالرنڈیکا کے پاس پر پی وی وشنو نے خوبصورت بیک ہیل شاٹ کے ذریعے پہلا گول کیا۔ صرف چار منٹ بعد وشنو کی کراس سی آئی ایس ایف کے کپتان محمد خالد سے ٹکرا کر جال میں جا پہنچی اور اسکور 2-0 ہو گیا۔پہلے ہاف کے اضافی وقت میں ڈینیئل رامیریز نے عمدہ پاس دے کر جیکسن سنگھ کو گول کا موقع فراہم کیا جسے انہوں نے آسانی سے گول میں تبدیل کر کے برتری 3-0 کر دی۔
دوسرے ہاف کے آغاز کے صرف دو منٹ بعد وشنو نے شاندار اوور ہیڈ کک کے ذریعے اپنا دوسرا گول اسکور کیا۔ 64 ویں منٹ میں بپن سنگھ نے برق رفتار جوابی حملے پر گول کر کے اسکور 5-0 کر دیا۔اس کے بعد جیسن ٹی کے نے دو گول کر کے اپنی تعداد دو تک پہنچائی جبکہ اختتامی لمحات میں پی وی وشنو نے بپن سنگھ کی کراس پر گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور ایسٹ بنگال کی 8-0 کی تاریخی فتح پر مہر ثبت کر دی۔
یہ جیت درانڈ کپ کی تاریخ میں سب سے بڑی فتوحات میں سے ایک کے برابر رہی۔ اس کامیابی کے ساتھ ایسٹ بنگال نے ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے تین پوائنٹس حاصل کر لیے اور ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کی امیدیں مضبوط کر لیں جبکہ سی آئی ایس ایف پروٹیکٹرز کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔135 ویں درانڈ کپ کے تمام 43 میچ سونی اسپورٹس نیٹ ورک پر براہ راست نشر کیے جا رہے ہیں جبکہ ان کی لائیو اسٹریمنگ سونی لیو پر بھی دستیاب ہے۔