سری لنکا سے شکست، افغانستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے نکلنے والی پہلی ٹیم

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 01-11-2022
سری لنکا سے شکست، افغانستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے نکلنے والی پہلی ٹیم
سری لنکا سے شکست، افغانستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے نکلنے والی پہلی ٹیم

 

 

برسبین: آسٹریلیا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو ہرا دیا۔ منگل کے روز برسبین میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 145 رنز کا ہدف دیا جسے سری لنکن ٹیم نے 19ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ سری لنکا کی جانب سے دھننجایا ڈی سلوا نے 66، کوشل مینڈس نے 25 جبکہ چاریتھ اسالانکا نے 19 رنز بنائے

افغانستان اور سری لنکا کے میچ میں ایک دلچسپ رن آوٹ بھی دیکھنے میں ملا۔ افغانستان کی اننگز کے دوران افغانستان کے کپتان محمد نبی نے مہیش تھیکشانا کی گیند پر ایک رن لیا جس کے بعد وہ دوسرے رن کے لیے بھی بھاگے لیکن راستے میں ارادہ ترک کردیا۔ محمد نبی تو اپنی کریز میں واپس پہنچ گئے لیکن گلبدین نائب اپنے کپتان پر اعتبار کر کے کریز سے نکلنے کے بعد واپس جاتے ہوئے پھسل گئے اور اپنا بلا بھی وہیں گرا بیٹھے جس کے بعد انہیں کریز تک پہنچنے کے لیے قلابازیوں کا سہارا لینا پڑا لیکن وہ آوٹ ہوگئے

سری لنکا سے ہارنے کے بعد افغانستان بھی ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا ہے۔ افغانستان نے ابھی تک ایونٹ میں دو میچ کھیلے ہیں جس میں دونوں مرتبہ انہیں شکست ہوئی ہے تاہم افغانستان کے دو میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے منسوخ کردیے گئے تھے۔ ٹی20 ورلڈ کپ میں افغانستان اپنا آخری میچ 4 نومبر کو آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ میں کھیلے گا۔ گلبدین نائب کے اس دلچسپ طریقے سے آوٹ ہونے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور فیس بک پر بھی تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔ ابھیشیک نے رن آوٹ کے بارے میں کہا کہ ’یہ کیسے بھونڈا قسم کا آوٹ تھا۔