مومن پور: راجستھان رائلز کے 15 سالہ نوجوان بلے باز ویبھو سوریاونشی مسلسل نئے ریکارڈ قائم کرتے جا رہے ہیں اور اب انہوں نے ویسٹ انڈیز کے سابق اسٹار آل راؤنڈر آندرے رسل کا بھی ایک بڑا آئی پی ایل ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف ایلیمینیٹر میچ میں سوریاونشی نے صرف 29 گیندوں پر 97 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے اور 12 فلک شگاف چھکے شامل تھے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 334 سے بھی زیادہ رہا۔
رواں آئی پی ایل سیزن میں سوریاونشی اب تک 15 اننگز میں 680 رنز بنا چکے ہیں۔ ان کی اوسط 45.33 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 242.85 ہے۔ وہ ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں بھی اسکور کر چکے ہیں جبکہ ان کا بہترین اسکور 103 رنز ہے۔نوجوان بلے باز نے اس سیزن میں 55 چوکے اور 65 چھکے لگائے ہیں۔ انہوں نے 280 گیندوں کا سامنا کیا جبکہ ہر 2.3 گیندوں پر ایک باؤنڈری اور ہر 4.3 گیندوں پر ایک چھکا جڑا۔
اعداد و شمار کے مطابق سوریاونشی نے اپنے 88.9 فیصد رنز صرف چوکوں اور چھکوں کی مدد سے بنائے ہیں جبکہ آندرے رسل نے اپنے ایک سیزن میں 85.5 فیصد رنز باؤنڈریز کے ذریعے اسکور کیے تھے۔
سوریاونشی نے کرس گیل کے اس ریکارڈ کی بھی برابری کر لی ہے جس میں ایک اننگز میں 10 یا اس سے زیادہ چھکے لگانے کا کارنامہ چار مرتبہ انجام دیا گیا تھا۔ ان میں سے تین مرتبہ یہ کارنامہ انہوں نے اسی سیزن میں انجام دیا اور وہ ایک سیزن میں تین مرتبہ 10 سے زائد چھکے لگانے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔
15 سالہ بلے باز نے سری لنکا کے سابق جارح مزاج اوپنر سنتھ جے سوریا کا پاور پلے میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ سوریاونشی نے ملان پور میں پاور پلے کے دوران آٹھ چھکے جڑے جبکہ جے سوریا نے 2008 میں سات چھکے لگائے تھے۔
وہ اب ایک آئی پی ایل سیزن کے پاور پلے میں سب سے زیادہ 490 رنز بنانے والے بلے باز بھی بن گئے ہیں اور انہوں نے ڈیوڈ وارنر کا 467 رنز کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
یہ پاور پلے میں ان کی پانچویں پچاس پلس اننگز بھی تھی جبکہ اس فہرست میں صرف ڈیوڈ وارنر ان سے آگے ہیں جنہوں نے چھ مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا۔
سوریاونشی نے سریش رائنا اور ایڈم گلکرسٹ کے ساتھ آئی پی ایل ناک آؤٹ میچ میں پاور پلے کے دوران پچاس سے زائد رنز بنانے والوں کی فہرست میں بھی جگہ بنا لی ہے۔
صرف 16 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کر کے انہوں نے سریش رائنا کے ریکارڈ کی برابری بھی کی جو آئی پی ایل ناک آؤٹ مقابلوں کی تیز ترین نصف سنچریوں میں شامل ہے۔
سوریاونشی کے 12 چھکے آئی پی ایل پلے آف یا ناک آؤٹ میچ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے شبھمن گل کا 10 چھکوں کا ریکارڈ توڑا۔ وہ ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بھارتی بلے باز بھی بن گئے ہیں۔
ان کے 97 رنز آئی پی ایل ناک آؤٹ میچ میں راجستھان رائلز کی جانب سے دوسرا بڑا انفرادی اسکور بھی ہے۔ اس فہرست میں پہلے نمبر پر جوس بٹلر موجود ہیں جنہوں نے 2022 میں ناقابل شکست 106 رنز بنائے تھے۔
سوریاونشی اب ایک آئی پی ایل سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ان کیپڈ بلے باز بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے ساتھی یشسوی جیسوال کا 625 رنز کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ساتھ ہی وہ آئی پی ایل سیزن میں 600 رنز مکمل کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سوریاونشی سے قبل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں کوئی بھی بلے باز ایسا نہیں تھا جس نے کسی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں 600 سے زائد رنز بنائے ہوں اور اس کا اسٹرائیک ریٹ 200 سے اوپر رہا ہو۔
میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راجستھان رائلز نے 20 اوورز میں 242 رنز بنائے۔ سوریاونشی کے علاوہ دھرو جوریل نے 21 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے پرفل ہنگے نے تین وکٹیں حاصل کیں۔