آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے آغاز میں 100 دن باقی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 04-03-2026
آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے آغاز میں 100 دن باقی
آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے آغاز میں 100 دن باقی

 



لندن۔:آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کی پہلی گیند 12 جون کو برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کی جائے گی جہاں میزبان انگلینڈ کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔ اس موقع پر 100 دن کی الٹی گنتی کے آغاز کو یادگار بنانے کے لیے ایجبسٹن کے تاریخی اسکور بورڈ کو خصوصی انداز میں تبدیل کر کے 100 دن کی گنتی ظاہر کی گئی۔

اس اقدام کے بعد برطانیہ اور دنیا بھر کے مختلف کرکٹ میدانوں میں بھی اسی طرز پر اسکور بورڈ تبدیل کیے گئے جس سے اس بڑے عالمی ایونٹ کی تیاریوں کے آخری مرحلے کا باضابطہ آغاز ہو گیا۔

انگلینڈ ویمنز ٹیم کی کپتان نیٹ اسکیور برنٹ اپنے ساتھی کھلاڑیوں صوفیہ ڈنکلے اور لارین فائلر کے ہمراہ برمنگھم میں اس تقریب میں شریک ہوئیں۔ شائقین کو اس ٹورنامنٹ میں عالمی معیار کا کھیل اور خواتین کرکٹ کا بین الاقوامی جشن دیکھنے کو ملے گا۔

برطانیہ کے میزبان شہروں میں اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر ہیڈنگلے لیڈز ہیمپشائر باؤل ساؤتھمپٹن برسٹل کاؤنٹی گراؤنڈ برسٹل دی اوول لندن اور لارڈز لندن کے میدانوں میں بھی الٹی گنتی کے اسکور بورڈ نمایاں کیے گئے۔

دنیا بھر کے دیگر میدانوں میں بھی اس اقدام کی پیروی کی گئی جن میں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ آسٹریلیا ایڈن گارڈنز ہندوستان میرین کرکٹ کلب آئرلینڈ دی ہیگ کرکٹ کلب نیدرلینڈز بیسن ریزرو نیوزی لینڈ قذافی اسٹیڈیم پاکستان وانڈررز اسٹیڈیم جنوبی افریقہ آر پریماداسا اسٹیڈیم کولمبو اور کینسنگٹن اوول بارباڈوس شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ ڈائریکٹر بیتھ بیریٹ وائلڈ نے کہا کہ صرف 100 دن بعد انگلینڈ اور ویلز دنیا کی بہترین خواتین کرکٹرز کی میزبانی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 115000 سے زائد ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں اور اس ایونٹ کے لیے جوش و خروش میں اضافہ ہو رہا ہے۔

یہ ٹورنامنٹ 12 جون سے 5 جولائی تک جاری رہے گا اور یہ اس مقابلے کا دسواں ایڈیشن ہوگا جس میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی جو اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

گروپ بی میں انگلینڈ نیوزی لینڈ سری لنکا ویسٹ انڈیز آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ شامل ہیں۔ جبکہ گروپ اے میں آسٹریلیا ہندوستان پاکستان جنوبی افریقہ بنگلہ دیش اور نیدرلینڈز شامل ہیں۔

اس موسم گرما میں انگلینڈ اور ویلز کے مختلف میدانوں میں دنیا کی بہترین ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی اور شائقین کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ خواتین کرکٹ کا یہ عالمی میلہ سال کے اہم ترین کھیلوں کے مقابلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔