نئی دہلی
ہندوستانی گرینڈ ماسٹر ڈی گوکیش نے کسی قسم کا بہانہ بنانے سے گریز کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ 2024 کا عالمی شطرنج ٹائٹل جیتنے کے بعد سے ان کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی اور ان کے کھیل کے حوالے سے سابق عظیم کھلاڑیوں کی تنقید کسی حد تک جائز تھی۔
گوکیش گزشتہ 18 ماہ کے دوران متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں اور سال کے آخر میں اپنے عالمی اعزاز کا دفاع کرنے سے قبل بہترین فارم حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔19 سالہ شطرنج کے اس نوجوان ستارے نے کہا کہ وہ عموماً تنقید کو نظر انداز کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اپنے عالمی ٹائٹل کے دفاع سے قبل نتائج ان کے حق میں نہیں رہے ہیں۔ وہ اپنے عالمی اعزاز کا دفاع چیلنجر جاووخیر سندھاروف کے خلاف کریں گے۔
گوکیش نے کہا کہ میں نے بعض سابق عظیم کھلاڑیوں کی تنقید یا تبصروں پر زیادہ توجہ نہیں دی، لیکن جو کچھ میں نے سنا، مجھے لگتا ہے کہ ان میں سے بعض باتیں جائز تھیں۔انہوں نے مزید کہا، ’’گزشتہ ڈیڑھ سال سے میری کارکردگی اچھی نہیں رہی۔ میرے خیال میں میرا کھیل ان توقعات کے مطابق نہیں رہا جو مجھ سے وابستہ تھیں۔ ناقدین کو اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہے اور مجھے اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کا حق حاصل ہے۔
گوکیش نے اس سال ٹاٹا اسٹیل شطرنج ٹورنامنٹ میں دسویں، پراگ انٹرنیشنل شطرنج فیسٹیول میں نویں اور حال ہی میں گرینڈ شطرنج ٹور کے سپر بیٹ ریپڈ اینڈ بلٹز پولینڈ ٹورنامنٹ میں چھٹی پوزیشن حاصل کی تھی۔