راجگیر (بہار) (اے این آئی): ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے اتوار کو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو 1-4 سے شکست دے کر راجگیر ہاکی اسٹیڈیم، بہار میں ایشیا کپ 2025 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی ہندوستان نے باضابطہ طور پر ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا، جس نے کھلاڑیوں کے لیے اس کامیابی کو مزید خاص بنا دیا۔سابق کپتان منپریت سنگھ نے فتح کے بعد خوشی کا اظہار کیا اور ٹیم کے بڑے اسٹیج پر فوکس اور گیم پلان پر عمل کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ہم بہت خوش ہیں۔ جو بھی گیم پلان ہمارے پاس تھا، ہم نے اسے بالکل درست طریقے سے عملی جامہ پہنایا۔ ہم نے بہت اچھے فیلڈ گول کیے، اور ٹیم نے آج غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔ ہم نے جنوبی کوریا کو بہت کم مواقع دیے اور جب بھی ہمیں موقع ملا، ہم نے اسے گول میں بدلا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا واحد ہدف ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنا تھا، اور اب ہمارا اگلا فوکس یہ ہوگا کہ وہاں ہم کیسا پرفارم کرتے ہیں۔ یہ بہت اہم ہے کیونکہ پچاس برس گزر گئے ہیں اور ہم ورلڈ کپ نہیں جیت سکے، اس بار ہم امید کرتے ہیں کہ ورلڈ کپ جیتیں اور سو فیصد دیں۔ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے ابھیشیک نین نے اس جیت کا سہرا پوری ٹیم کو دیا۔انہوں نے کہاکہ "میں خوش ہوں، یہ سخت محنت کا صلہ ہے۔ یہ خالص ٹیم کی محنت تھی۔مندیب سنگھ نے اس کامیابی کو ہوم کراؤڈ اور قوم کے نام وقف کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا اصل مقصد فائنل جیتنا اور یہ تحفہ ہندوستان اور اپنے مداحوں کو دینا تھا۔ یہ جیت ہمارے لیے بہت اہم تھی۔
دوسری جانب شیلا نند لکرا نے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک بہت خوشی کا لمحہ ہے کیونکہ ہم ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر گئے ہیں۔ ہمارا سال کا یہی ہدف تھا کہ ورلڈ کپ میں جگہ بنائیں اور ہم 2026 ورلڈ کپ میں حصہ لیں گے۔
ایشیا کپ 2025 میں ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کی تاریخی فتح کے بعد ہاکی انڈیا نے اعلان کیا کہ ہر کھلاڑی کو 3 لاکھ روپے اور معاون عملے کو 1.5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔گول دلبریت سنگھ (28'، 45')، سکھجیت سنگھ (1') اور امیت روہیداس (50') نے اسکور کیے۔قابل ذکر ہے کہ ہندوستان نے اس سے پہلے 2017 میں ڈھاکہ میں ایشیا کپ جیتا تھا۔
جنوبی کوریا کو ایشیا کپ کے فائنل میں شکست دے کر براہِ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے بعد ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ کریگ فلٹن نے کہا کہ اب ان کی نظریں اگلے سال ہونے والے ایف آئی ایچ ورلڈ کپ اور ایشیائی کھیلوں دونوں پر ہیں۔ انہوں نے ٹیم کی ناقابلِ شکست مہم پر خوشی کا اظہار کیا۔اتوار کو راجگیر ہاکی اسٹیڈیم میں ہندوستان نے دفاعی چیمپئن جنوبی کوریا کو 1-4 سے ہرا کر براعظمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ہرمَن پریت سنگھ کی قیادت میں ٹیم نے آٹھ برس بعد ایشیا کپ جیتا اور اس فتح کے ساتھ ہی ورلڈ کپ 2026 کے لیے براہِ راست جگہ بنائی۔ اس سے قبل ہندوستان نے 2017 میں ڈھاکہ میں ایشیا کپ جیتا تھا۔
فتح کے بعد اے این آئی سے بات کرتے ہوئے فلٹن نے کہا کہ یہ عملے اور ٹیم دونوں کی بڑی محنت کا نتیجہ ہے۔ ہم دو ماہ سے سفر میں تھے، لیکن وقت کا صحیح استعمال کیا اور فائنل میں بہترین کارکردگی دکھائی۔ ناقابل شکست رہنا ہمیشہ اچھا اشارہ ہوتا ہے۔ بے حد فخر ہے۔ کام پورا ہوا، کوالیفائی کر لیا۔ ہمارے پاس ایشیائی کھیلوں اور ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے کافی وقت ہے۔ دونوں بہت اہم ہیں، اس لیے یہ ڈبل ٹورنامنٹ کی صورتحال ہے۔ فی الحال ہم اس لمحے کو انجوائے کریں گے۔کپتان ہرمَن پریت سنگھ نے بھی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور بہار حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس براعظمی ٹورنامنٹ کو شاندار پیمانے پر منعقد کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف گولڈ میڈل اور ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست کوالیفکیشن تھا۔ اب ہمارا اصل فوکس ورلڈ کپ ہے۔ سہولت شاندار رہی، میں بہار حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ شائقین نے پہلے دن سے ہمارا بھرپور ساتھ دیا، اور اس سے ہمیں بہت حوصلہ ملا۔"
فارورڈ دلبریت سنگھ، جنہوں نے دو شاندار گول کیے، نے کہا کہ ہم پہلے دو میچوں میں تھوڑی مشکلات کا شکار رہے لیکن اس کے بعد ہماری رفتار بنی رہی۔ ہمارا مقصد تھا ڈی میں گھس کر چھوٹے ٹارگٹ گولز، پنالٹی کارنرز اور اچھی اسِسٹ دینا۔ ہم پہلے دن سے ہی براہِ راست ورلڈ کپ کوالیفائی کرنا چاہتے تھے۔انہوں نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا کہ پنجاب کے لیے دکھ بھرا وقت ہے۔ امید ہے سب کچھ جلد بہتر ہو۔ جن کے گھر والے بچھڑ گئے ہیں وہ دوبارہ مل جائیں۔ ہم پنجاب اور اس کے کھلاڑیوں کی مدد کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔سکھجیت سنگھ، جنہوں نے کھیل کے پہلے ہی منٹ میں شاندار گول کر کے ہندوستان کو برتری دلائی، نے کہا کہ ہمارا مقصد ہر موقع کو استعمال کرنا اور جیتنا تھا۔ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر کے بہت خوشی ہوئی۔ اب ہمارا اگلا ہدف وہاں میڈل جیتنا ہے