نئی دہلی :انڈیا کے ہیڈ کوچ خالد جمیل نے اتوار کو اکتوبر کے فیفا انٹرنیشنل ونڈو سے قبل انڈین سینئر مردوں کی قومی فٹبال ٹیم کے لیے 30 کھلاڑیوں پر مشتمل ممکنہ ٹیم کا اعلان کیا۔تیاری کا کیمپ 20 ستمبر کو بنگلورو میں شروع ہوگا، جبکہ کھلاڑی ایک دن پہلے شہر پہنچ جائیں گے۔ اس اسکواڈ میں سب سے نمایاں نام تجربہ کار فارورڈ سنیل چھیتری کا ہے، جو کافی عرصے بعد بین الاقوامی میدان میں واپسی کر رہے ہیں۔ وہ سی اے ایف اے نیشنز کپ میں انڈیا کے کانسی کے تمغے والے سفر میں شامل نہیں تھے۔
اسکواڈ کے اعلان کے دوران جمیل نے 40 سالہ اسٹرائیکر کو پہلے شامل نہ کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ سنیل انڈین فٹبال کے لیجنڈ ہیں۔ میں نے ان کے خلاف کھیلا ہے، انہیں بارہا کھیلتے دیکھا ہے، اور وہ میرے پسندیدہ کھلاڑیوں میں سے ہیں۔ وہ انڈین فٹبال کے لیے رول ماڈل ہیں، اور ان کے لیے دروازہ ہمیشہ کھلا ہے۔
30 ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں محمد ایمن، ویبن موہنن اور محمد سہیل بھی شامل ہیں جنہوں نے انڈر-23 اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائرز میں شاندار کھیل پیش کیا۰موہن بگان ایس جی اور ایف سی گوا کے کھلاڑیوں کو، جو اس وقت اے ایف سی چیمپئنز لیگ ٹو میں مصروف ہیں، بعد میں طلب کیا جائے گا۔ منتخب کھلاڑیوں کے علاوہ پانچ کھلاڑیوں کو اسٹینڈ بائی میں رکھا گیا ہے، جن میں دو انڈر-23 ٹیم سے اور تین سینئر ٹیم سے ہوں گے۔ ان کے نام بعد میں جاری کیے جائیں گے۔یہ کیمپ "بلیو ٹائیگرز" کو اے ایف سی ایشین کپ 2027 کوالیفائرز (فائنل راؤنڈ گروپ سی) کے دو میچوں کی تیاری میں مدد دے گا۔ انڈیا سنگاپور کے خلاف دو لگاتار میچ کھیلے گا: پہلا 9 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم سنگاپور میں اور دوسرا 14 اکتوبر کو پنڈت جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم، مرگاؤ میں۔ سنگاپور کے خلاف حتمی اسکواڈ انہی ممکنہ کھلاڑیوں میں سے منتخب کیا جائے گا۔
30 ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست:
گول کیپرز: امرندر سنگھ، گرمیٹ سنگھ، گربریت سنگھ سندھو۔
ڈیفینڈرز: انور علی، بکش یومنم، چنگلینسانا سنگھ کونشام، ہمنگتھنمویہ رالٹے، محمد اویس، پرمویر، راہل بھیکے، رکی میتی ہاؤبام، روشن سنگھ ناؤرم۔
مڈفیلڈرز: عاشق کورونیان، دانش فاروق بھٹ، جیکسن سنگھ تھوناؤجم، جتن ایم ایس، میکارٹن لوئس نکسن، مہیش سنگھ ناؤرم، محمد ایمن، نکھل پربھو، سریش سنگھ وانگجم، ویبن موہنن۔
فارورڈز: عرفان یادواڑ، للیانزوالا چانگتے، منویر سنگھ (جونیئر)، محمد سانن کے، محمد سہیل، پرتھب گوگوئی، سنیل چھیتری، وکرم پرتاپ سنگھ۔
ہیڈ کوچ: خالد جمیل۔