پیلے کی 1958 عالمی کپ فائنل میں پہنی گئی جرسی 4.9 ملین امریکی ڈالر میں نیلام

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 17-07-2026
پیلے کی 1958 عالمی کپ فائنل میں پہنی گئی جرسی 4.9 ملین امریکی ڈالر میں نیلام
پیلے کی 1958 عالمی کپ فائنل میں پہنی گئی جرسی 4.9 ملین امریکی ڈالر میں نیلام

 



نیویارک۔ برازیل کے عظیم فٹبالر پیلے کی وہ تاریخی جرسی جو انہوں نے 1958 کے فیفا عالمی کپ کے فائنل میں پہنی تھی اور جس میں انہوں نے دو گول کیے تھے۔ نیلامی میں 4.9 ملین امریکی ڈالر میں فروخت ہوئی ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سوتھبیز نے کہا ہے کہ یہ پیلے سے منسلک اب تک کی سب سے قیمتی یادگار بن گئی ہے۔نمبر 10 والی یہ مشہور جرسی اس وقت پیلے نے پہنی تھی جب محض 17 برس کی عمر میں انہوں نے میزبان سویڈن کے خلاف فائنل میں دو گول اسکور کیے اور برازیل کو 2-5 سے فتح دلا کر تاریخ کا پہلا فیفا عالمی کپ جتوایا۔

سوتھبیز کے مطابق اس جرسی کے لیے پانچ سے زائد بولی دہندگان کی جانب سے مجموعی طور پر 10 بولیاں لگائی گئیں۔

یہ جرسی نیلامی کی تاریخ میں فروخت ہونے والی دوسری سب سے مہنگی فٹبال جرسی بن گئی ہے۔ اس سے زیادہ قیمت صرف ارجنٹینا کے عظیم کھلاڑی ڈیاگو میراڈونا کی 1986 عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے خلاف پہنی گئی جرسی کو ملی تھی جو 2022 میں 9.3 ملین امریکی ڈالر میں فروخت ہوئی تھی۔ اسی میچ میں میراڈونا نے اپنا مشہور زمانہ "ہینڈ آف گاڈ" گول بھی کیا تھا۔

پیلے 2022 میں 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ آج بھی فیفا عالمی کپ کے فائنل میں گول کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی ہیں۔ سوتھبیز کے مطابق یہی جرسی اس سے قبل 2004 میں ایک نیلامی میں 70 ہزار 505 برطانوی پاؤنڈ میں فروخت ہوئی تھی۔

پیلے نے برازیل کو 1958۔ 1962 اور 1970 کے عالمی کپ جتوائے اور وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے بطور کھلاڑی تین مرتبہ فیفا عالمی کپ جیتنے کا منفرد اعزاز حاصل کیا۔

1958 کے عالمی کپ میں انہوں نے مجموعی طور پر 6 گول اسکور کیے جن میں فائنل کے دو گول بھی شامل تھے۔ 1962 کے عالمی کپ میں اگرچہ وہ صرف ایک گول کر سکے لیکن برازیل نے چیکوسلواکیہ کو 1-3 سے شکست دے کر مسلسل دوسرا عالمی اعزاز اپنے نام کیا۔

1970 کے عالمی کپ کے فائنل میں پیلے نے اٹلی کے خلاف برازیل کی 1-4 کی کامیابی میں پہلا گول کیا جبکہ پورے ٹورنامنٹ میں انہوں نے مجموعی طور پر 4 گول اسکور کیے۔ کینسر سے طویل جدوجہد کے بعد ان کا 2022 میں 82 برس کی عمر میں انتقال ہوا۔