کولکتہ:بنگال ٹی20 لیگ کے مردوں کے آکشن میں سلی گڑی اسٹرائیکرز نے ہندوستانی تیز گیند باز محمد شامی کو اپنی ٹیم میں شامل کر کے سب کی توجہ حاصل کر لی۔ ٹیم نے نئے سیزن کے لیے تجربہ کار کھلاڑیوں مقامی ٹیلنٹ اور ابھرتے ہوئے نوجوانوں کا متوازن امتزاج تیار کیا ہے۔
سلی گڑی اسٹرائیکرز نے آل راؤنڈر کرن لال کو بھی اپنی ٹیم میں شامل کیا جبکہ بنگال کے فاسٹ بولر ایشان پوریل کو بھی خریدا گیا۔ اس کے علاوہ ہندوستان اور بنگال کے تیز گیند باز آکاش دیپ کو بھی برقرار رکھا گیا جو پہلے سیزن سے ہی اس فرنچائز کا حصہ رہے ہیں۔
سروٹیک اسپورٹس کے ڈائریکٹر رشبھ بھاٹیہ نے آکشن کے بعد کہا کہ ٹیم نے اپنی حکمت عملی کے مطابق ایک مضبوط اور متوازن اسکواڈ تیار کیا ہے۔ ان کے مطابق محمد شامی کرن لال اور ایشان پوریل جیسے کھلاڑیوں کی شمولیت سے ٹیم کو کافی مضبوطی ملی ہے۔
سلی گڑی اسٹرائیکرز کے اسٹریٹجسٹ چیتنیہ نندا نے کہا کہ ٹیم واضح منصوبہ بندی کے ساتھ آکشن میں اتری تھی اور ایسے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا جو مختلف حالات میں میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
بنگال ٹی20 لیگ کے اس آکشن میں اے پلس اے بی انڈر 19 اور انڈر 16 زمروں کے کھلاڑی شامل تھے۔ لیگ کا مقصد بنگال کے کرکٹ نظام کو تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کے امتزاج سے مزید مضبوط بنانا ہے۔
سلی گڑی اسٹرائیکرز کے مکمل اسکواڈ میں شیوّم بھارتی پرمود چندیلا کوشک میتی بادل سنگھ بالیان آکاش داس آدتیہ سنگھ ششی شنکر سنگھ ایشان پوریل آکاش دیپ وشال بھاٹی محمد شامی کرن لال سدپ چٹرجی ابھیشیک بوس سنیہاشیش ساہا اور گیت پوری شامل ہیں۔