اولمپکس پر بائیکاٹ کا سایہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-12-2021
 بیجنگ اولمپکس:امریکہ کرسکتا ہے بائیکاٹ
بیجنگ اولمپکس:امریکہ کرسکتا ہے بائیکاٹ

 

 

نیویارک: سرمائی اولمپکس 2022 کے بین الاقوامی بائیکاٹ کے مطالبات کے بعد بائیڈن انتظامیہ کی طرف سے یہ اعلان متوقع ہے کہ فروری میں چین میں منعقد ہونے والے کھیلوں کے عالمی مقابلے میں امریکی حکومت کا کوئی عہدیدار شرکت نہیں کرے گا۔

امریکی نیوز چینل سی این این نے وائٹ ہاؤس کے متعدد ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکی کھلاڑیوں کو شمولیت سے روکے بغیر بائیڈن انتظامیہ کا پیچھے ہٹنا، بین الاقوامی سطح پر چین کو ایک پیغام بھیجے گا۔ مبینہ طور پر اس اقدام پر قومی سلامتی کونسل نجی طور پر تبادلہ خیال کر رہی ہے، جس نے ابھی تک عوامی طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ کھیلوں کے جزوی بائیکاٹ سے متعلق اس ہفتے کے آخر میں اعلان متوقع ہے۔

چین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاج میں برطانیہ اور آسٹریلیا سمیت متعدد مغربی ممالک کی طرف سے سفارتی بائیکاٹ کے مطالبات کے بعد اس خبر کی بازگشت سنائی دی ہے۔

نومبر2021 میں امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ ٹیلیفون کال کے فوری بعد، اشارہ دیا تھا کہ ہوسکتا ہے وہ کھیلوں کا سفارتی بائیکاٹ کریں۔ وائٹ ہاؤس کے تحریری بیان کے مطابق: ’صدر بائیڈن نے سنکیانگ، تبت اور ہانگ کانگ میں (عوامی جمہوریہ چین کے) طرز عمل کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کے بارے میں بھی تشویش کا اظہار کیا۔‘ امریکہ کی طرف سے41 سال میں اولمپکس کا یہ دوسرا بائیکاٹ ہوگا۔ اس سے پہلے جمی کارٹر انتظامیہ نے1980 میں بائیکاٹ کیا تھا۔