کلکتہ : اسپنر سائمن ہارمر کی دونوں اننگز میں شاندار آٹھ وکٹیں اور ٹیمبا بووُما کی ذمہ دارانہ نصف سنچری نے کلکتہ ٹیسٹ میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پورا فرق پیدا کردیا۔ 124 رنز کا ہدف حاصل نہ کر پانے کی وجہ سے ہندوستان کو 31 رنز سے شکست ہوئی، جو حالیہ برسوں کی سب سے مایوس کن ہاروں میں سے ایک قرار دی جا رہی ہے۔
اس جیت کے ساتھ جنوبی افریقہ دو میچوں کی سیریز میں 1-0 سے آگے ہوگیا۔ ایڈن گارڈنز میں یہ ہندوستان کی 2012 کے بعد پہلی ہار ہے۔ کوچ گوتم گمبھیر کے دور میں یہ ہندوستان کی چوتھی ٹیسٹ شکست بھی ہے۔ کپتان شبھمن گل گردن کی چوٹ کے باعث میدان میں نہیں اُتر سکے، لیکن باقی بلے باز بھی بری طرح ناکام ہوئے۔
دوسرے سیشن میں ہندوستان نے 10/2 سے شروعات کی۔ واشنگٹن سندر اور دھروو جریوال کچھ دیر ٹھہرے رہے مگر جریوال نے 13 رنز بنا کر اپنی وکٹ گنوا دی۔ رشبھ پنت بھی صرف دو رنز پر ہارمر کو کیچ دے بیٹھے۔
رویندر جڈیجا نے چند اچھے شاٹس کھیلے مگر 17 رنز پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس کے بعد ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی گئیں۔ سندر نے 92 گیندوں پر 31 رنز کی محنتی اننگز کھیلی، مگر وہ بھی آؤٹ ہوگئے۔ آخر میں اکشر پٹیل نے 26 رنز بنا کر امید دلائی، مگر زیادہ دیر نہ چل سکے۔ ہندوستان 93/9 پر سمٹ گیا۔
ہارنر نے 4/21 جبکہ کیشاٖو مہاراج نے 2/15 کے اعداد و شمار کے ساتھ ہندوستان کو سخت دباؤ میں رکھا۔ مارکو یانسن نے بھی دونوں اوپنرز کو جلد پویلین بھیج دیا۔
اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز 153 پر ختم کی، ٹیمبا بووُما 55 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کے لیے جڈیجا نے 4/50، کلدیپ نے 2/30 اور سراج نے آخری دو وکٹیں لیں۔
پہلی اننگز میں بھی دونوں ٹیمیں اسپن اور پیس کے سامنے لڑکھڑا گئی تھیں۔ جنوبی افریقہ 159 پر آؤٹ ہوا تھا جبکہ ہندوستان نے صرف 30 رنز کی برتری لی تھی۔
خلاصہ اسکور:
ہندوستان: 189 اور 93/9
جنوبی افریقہ: 159 اور 153
نتیجہ: جنوبی افریقہ 31 رنز سے جیت گیا۔