ڈھاکا :نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ہوم سیریز کے بعد آئی سی سی کی تازہ ترین مردوں کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بنگلہ دیشی کھلاڑی نمایاں رہے جبکہ نیپال میں کھیلی گئی لیگ ٹو سہ فریقی سیریز کے بعد ون ڈے رینکنگ میں بھی کئی اہم تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں۔
اگرچہ بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بارش سے متاثر ہونے کے باعث ایک ایک سے برابر رہی لیکن اس کے باوجود بنگلہ دیش کے کئی کھلاڑیوں نے رینکنگ میں نمایاں ترقی حاصل کی۔
نوجوان بلے باز توحید ہردوئے سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والوں میں شامل رہے۔ انہوں نے دو اننگز میں 84 رن بنانے کے بعد ٹی ٹوئنٹی بلے بازوں کی رینکنگ میں دو درجے ترقی کرتے ہوئے 37 ویں مقام پر جگہ بنا لی۔ انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
بیٹنگ رینکنگ میں بھارت کے ابھیشیک شرما بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ بنگلہ دیش کے کپتان لٹن داس نے بھی میرپور میں کھیلے گئے آخری میچ میں اچھی کارکردگی کے بعد ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے 52 واں مقام حاصل کر لیا۔
بنگلہ دیشی بولرز نے بھی رینکنگ میں نمایاں بہتری دکھائی۔ مہدی حسن 17 ویں نمبر پر پہنچ گئے جبکہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شرف الاسلام نے نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل عمدہ کارکردگی کی بدولت نو درجے ترقی کرتے ہوئے 54 واں مقام حاصل کر لیا۔
نیوزی لینڈ کے بولرز کو بھی برصغیر کی کنڈیشنز میں اچھی کارکردگی کا انعام ملا۔ فاسٹ بولر بین سیئرز نے دس درجے ترقی کرتے ہوئے 51 واں مقام حاصل کیا جبکہ لیگ اسپنر ایش سودھی مشترکہ طور پر 88 ویں نمبر پر پہنچ گئے اور وہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں نیوزی لینڈ کے سب سے زیادہ رینکنگ والے بولر بن گئے۔
دوسری جانب تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ لیگ ٹو سہ فریقی سیریز کے نتائج بھی شامل کیے گئے جس میں نیپال۔ عمان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔
عمان کے اوپنر جتیندر سنگھ نے سات درجے ترقی کرتے ہوئے ون ڈے بلے بازوں کی رینکنگ میں مشترکہ طور پر 65 واں مقام حاصل کیا جبکہ ان کے ساتھی شکیل احمد نے نو درجے کی چھلانگ لگا کر بولرز کی فہرست میں 31 ویں نمبر پر جگہ بنا لی۔
میزبان نیپال کے لیے بھی خوشی کی خبر رہی جہاں آل راؤنڈر دیپیندر سنگھ ایری نے شاندار کارکردگی کے بعد ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بارہ درجے ترقی کرتے ہوئے 31 واں مقام حاصل کر لیا۔