ڈھاکہ : بنگلہ دیش کے وزیر اعظم طارق رحمان نے پاکستان کے خلاف پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز جیتنے پر بنگلہ دیش مردوں کی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔نجم الحسن شانتو کی قیادت میں بنگلہ دیشی ٹیم نے بدھ کے روز سلہٹ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 78 رنز سے شکست دی۔ اس سے قبل میزبان ٹیم نے میرپور میں پہلا ٹیسٹ 104 رنز سے جیتا تھا۔ سلہٹ میں کامیابی کے ساتھ ہی بنگلہ دیش نے ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کا وائٹ واش بھی کر دیا۔
اس فتح کے بعد بنگلہ دیش نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل میں ہندستان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پانچویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ بنگلہ دیش کا پوائنٹس فیصد 58.33 فیصد ہو گیا ہے جبکہ ہندستان 48.15 فیصد کے ساتھ چھٹے مقام پر چلا گیا ہے۔
وزیر اعظم طارق رحمان نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں بنگلہ دیش کی کامیابیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور یہ کامیابی نوجوان نسل کو کھیلوں کی جانب مزید راغب کرے گی۔رحمان نے امید ظاہر کی کہ ٹیم اتحاد۔ نظم و ضبط اور خود اعتمادی برقرار رکھتے ہوئے مستقبل میں عالمی سطح پر مزید آگے بڑھے گی۔ انہوں نے کھلاڑیوں۔ کوچنگ اسٹاف اور اس کامیابی سے وابستہ تمام افراد کو دلی مبارکباد اور شکریہ پیش کیا۔
یہ پاکستان کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر بنگلہ دیش کی پہلی کلین سوئپ ٹیسٹ سیریز ہے جبکہ مجموعی طور پر دوسری مرتبہ ہے۔ اس سے قبل بنگلہ دیش نے 2024 میں پاکستان میں بھی 2-0 سے سیریز جیتی تھی۔437 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے مزاحمت ضرور کی مگر پوری ٹیم 358 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر تیج الاسلام نے آخری دن پاکستانی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو یادگار فتح دلائی۔ انہوں نے 34.2 اوورز میں 120 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔
پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے کے بعد پاکستان نے بنگلہ دیش کو پہلی اننگز میں 278 رنز پر محدود کیا۔ بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر بلے باز لٹن داس نے شاندار جوابی حملہ کرتے ہوئے 126 رنز بنائے اور انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
جواب میں پاکستانی ٹیم لڑکھڑا گئی اور بابر اعظم کی 84 گیندوں پر 68 رنز کی جارحانہ اننگز کے باوجود پوری ٹیم 232 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر نہید رانا اور اسپنر تیج الاسلام نے 3۔3 وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کو پہلی اننگز میں 46 رنز کی اہم برتری دلائی۔
تیسری اننگز میں بنگلہ دیش نے 390 رنز کا بڑا اسکور بنا کر پاکستان کو میچ سے تقریباً باہر کر دیا۔ تجربہ کار مشفق الرحیم نے 233 گیندوں پر شاندار 137 رنز بنائے جبکہ لٹن داس نے عمدہ فارم برقرار رکھتے ہوئے 69 رنز کی اننگز کھیلی اور پاکستان کو 437 رنز کا بڑا ہدف دیا۔