ڈھاکہ:بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر روبیل حسین نے 159 بین الاقوامی میچز کھیلنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
36 سالہ روبیل حسین نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ قومی ٹیم ان کا جذبہ رہی ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہیں
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے بنگلہ دیش کے لیے 27 ٹیسٹ 104 ون ڈے اور 28 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے اور اب وہ ڈومیسٹک کرکٹ جاری رکھیں گے
روبیل حسین نے اپنے پیغام میں اہل خانہ دوستوں میڈیا اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ آئندہ بھی اسی طرح حمایت ملتی رہے گی
ان کا آخری بین الاقوامی میچ اپریل 2021 میں نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ میں کھیلا گیا تھا
روبیل حسین 2015 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کے باعث خاص طور پر یاد رکھے جائیں گے جب انہوں نے اہم وکٹیں لے کر ٹیم کو تاریخی فتح دلائی تھی
2009 میں ایک پیس ہنٹنگ پروگرام کے ذریعے سامنے آنے والے روبیل حسین نے اپنے کیریئر کے آغاز میں ہی متاثر کن کارکردگی دکھائی اور سری لنکا کے خلاف اپنے پہلے ون ڈے میچ میں 4 وکٹیں حاصل کیں
ون ڈے کرکٹ میں انہوں نے 129 وکٹیں حاصل کیں اور وہ اس فارمیٹ میں بنگلہ دیش کے نمایاں بولرز میں شمار ہوتے ہیں جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 27 میچز میں 36 وکٹیں حاصل کیں
اپنے الوداعی پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلنا جاری رکھیں گے اور کرکٹ سے اپنی وابستگی برقرار رکھیں گے