بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے انتخابات 7 جون کو ہوں گے

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-05-2026
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے انتخابات 7 جون کو ہوں گے
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے انتخابات 7 جون کو ہوں گے

 



ڈھاکہ
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے انتخابات اب 7 جون کو کرائے جائیں گے۔ ان انتخابات کو بنگلہ دیش کرکٹ کے مستقبل کے لیے نہایت اہم سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ گزشتہ انتخابات کو لے کر بڑے تنازعات سامنے آئے تھے۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق، انتخابی عمل کے تحت کاؤنسلر کہلانے والے عام اراکین 25 میں سے 23 ڈائریکٹروں کا انتخاب کریں گے۔ اس کے بعد منتخب ہونے والے 25 ڈائریکٹروں میں سے بورڈ کے صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔ نئے صدر کی مدتِ کار چار برس کی ہوگی۔
بنگلہ دیش کے سابق کپتان تمیم اقبال اس وقت حکومت کی جانب سے قائم کردہ ایڈہاک کمیٹی کے تحت بی سی بی صدر کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ وہ خود بھی کاؤنسلر ہیں اور مانا جا رہا ہے کہ وہی انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے۔ ڈائریکٹر اور صدر کے عہدے کے انتخابات ایک ہی دن یعنی 7 جون کو منعقد ہوں گے۔بی سی بی اس سے پہلے انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے ایک آزاد الیکشن کمیشن کے قیام کا اعلان کر چکا ہے۔ تین رکنی یہ کمیشن بورڈ کے قوانین کے تحت انتخابات سے متعلق تمام کارروائیوں کی نگرانی کرے گا۔
بنگلہ دیش سپریم کورٹ کے سینئر وکیل احسان الکریم کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ غازی پور میٹروپولیٹن پولیس کے کمشنر محمد اسرائیل حوالدار اور قومی کھیل کونسل میں منصوبہ بندی و ترقی کے ڈائریکٹر اے بی ایم احسان الحق مامون کو کمیشن کا رکن بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اکتوبر 2025 میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے انتخابات ہوئے تھے۔ اس انتخاب میں سابق کپتان امین الاسلام نے بھاری کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم بعد میں بنگلہ دیش حکومت نے انتخابات میں دھاندلی، جانبداری اور دباؤ ڈالنے کے الزامات کی تحقیقات کرائی تھیں۔ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں کئی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی تھی، جس کے بعد موجودہ انتخابات کو زیادہ شفاف بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اس بار انتخابات تین مختلف زمروں میں کرائے جائیں گے۔ پہلے زمرے میں بنگلہ دیش کے مختلف ڈویژنوں اور اضلاع سے 10 ڈائریکٹروں کا انتخاب ہوگا۔ دوسرے زمرے میں ڈھاکہ کے کلب نمائندوں میں سے 12 ڈائریکٹر منتخب کیے جائیں گے۔
تیسرے زمرے میں ایک ڈائریکٹر ایسے پینل سے منتخب کیا جائے گا، جس میں سابق کرکٹرز، قومی ٹیم کے سابق کپتان، سکیورٹی افسران اور قومی کھیل کونسل کی جانب سے نامزد کردہ کاؤنسلرز شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ دو بورڈ اراکین کی تقرری براہِ راست بنگلہ دیش حکومت کرے گی۔ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ انتخابات بنگلہ دیش کرکٹ انتظامیہ میں استحکام لانے کے لیے نہایت اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔ گزشتہ چند برسوں میں بورڈ کے اندر مسلسل تنازعات، انتظامی مداخلت اور انتخابی الزامات نے کرکٹ کے نظم و نسق کو متاثر کیا ہے۔ ایسے میں نئی قیادت سے شفافیت اور پیشہ ورانہ انتظام کی امید کی جا رہی ہے۔
کرکٹ شائقین کی نظریں اب 7 جون پر ٹکی ہوئی ہیں، جب یہ طے ہوگا کہ آئندہ چار برسوں تک بنگلہ دیش کرکٹ کی باگ ڈور کس کے ہاتھوں میں رہے گی۔