بابراعظم کی انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت پر فیصلہ میچ کے روز ہوگا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 18-08-2026
بابراعظم کی انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت پر فیصلہ میچ کے روز ہوگا
بابراعظم کی انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت پر فیصلہ میچ کے روز ہوگا

 



لیڈز۔پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں نومنتخب ٹیسٹ کپتان بابراعظم کی شرکت کے بارے میں ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ ہاتھ کی انجری کا شکار ہونے کے بعد بابراعظم نے دوبارہ بیٹنگ پریکٹس شروع کردی ہے۔آئی سی سی کے مطابق بابراعظم کو پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف وارم اپ میچ کے دوران دائیں ہاتھ پر چوٹ لگی تھی۔ انگلینڈ انڈر 19 کے فاسٹ بولر مینی لیمسڈن کی ایک اٹھتی ہوئی گیند ان کے نچلے ہاتھ پر لگی۔ اس وقت بابراعظم 5 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔

ٹیم کے ڈاکٹر کے معائنے کے بعد احتیاطی تدبیر کے طور پر 31 سالہ بابراعظم کو پریکٹس میچ کے باقی حصے سے دستبردار ہونا پڑا۔ یہ چوٹ اس لیے بھی تشویش کا باعث بنی کیونکہ اس سے قبل دورۂ ویسٹ انڈیز کے دوران بھی ان کے اسی ہاتھ پر چوٹ لگی تھی۔بابراعظم نے پیر کے روز ہیڈنگلے میں دوبارہ نیٹ پریکٹس کی۔ انہوں نے کچھ تھرو ڈاؤنز اور بیٹنگ پریکٹس کی لیکن ان کا سیشن مختصر رہا۔ پہلے ٹیسٹ سے قبل ٹیم مینجمنٹ بھی احتیاط برت رہی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس وقت جاری بیان میں کہا تھا کہ ٹیم کے ڈاکٹر کے معائنے اور احتیاطی اقدامات کے بعد بابراعظم کو پریکٹس میچ کے باقی حصے میں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ بورڈ نے یہ بھی بتایا تھا کہ بابراعظم 17 اگست کو ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ میں ٹیم کے پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے۔پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس نے تصدیق کی کہ بابراعظم کی شرکت کا فیصلہ میچ کے قریب کیا جائے گا۔

محمد عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابراعظم کھیلیں گے یا نہیں اس کا فیصلہ میچ کے روز کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بابراعظم نے کچھ تھرو ڈاؤنز اور بیٹنگ پریکٹس کی ہے تاہم طبی مشورے پر عمل کرنا ہوگا۔پاکستان انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025۔27 سیریز شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ بابراعظم کی فٹنس پر مسلسل نظر رکھی جائے گی۔ وہ ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کے اہم رکن ہونے کے ساتھ حال ہی میں دوبارہ ٹیسٹ کپتان بھی مقرر کیے گئے ہیں۔

ان کی قیادت میں پاکستان کی حالیہ ٹیسٹ سیریز ویسٹ انڈیز کے خلاف 1۔1 سے برابر رہی تھی۔ پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے بیرون ملک مسلسل 8 ٹیسٹ شکستوں کا سلسلہ ختم کیا تھا۔

پاکستان کے لیے ایک اور مثبت خبر شان مسعود کی انجری سے صحت یابی ہے۔ وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل ٹیم میں واپس آ گئے ہیں۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ 19 سے 23 اگست تک ہیڈنگلے میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ 27 سے 31 اگست تک لارڈز میں ہوگا جبکہ تیسرا ٹیسٹ 9 سے 13 ستمبر تک ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی موجودہ درجہ بندی میں انگلینڈ 24.36 فیصد پوائنٹس کے ساتھ 7ویں نمبر پر ہے جبکہ پاکستان 22.22 فیصد پوائنٹس کے ساتھ 8ویں نمبر پر ہے۔

پاکستان کا ٹیسٹ اسکواڈ:

بابراعظم۔ کپتان۔

عامر جمال۔

عبداللہ شفیق۔

علی عثمان۔

اذان اویس۔

امام الحق۔

خرم شہزاد۔

محمد عباس۔

محمد علی۔

محمد رضوان۔

محمد اویس ظفر۔

محمد غازی غوری۔

ساجد خان۔

سلمان علی آغا۔

سعود شکیل۔

شان مسعود۔

عبید شاہ۔