عاقب نبی کا سرے کے ساتھ 3 کاؤنٹی چیمپئن شپ میچوں کا معاہدہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 02-09-2026
 عاقب نبی کا سرے کے ساتھ 3 کاؤنٹی چیمپئن شپ میچوں کا معاہدہ
عاقب نبی کا سرے کے ساتھ 3 کاؤنٹی چیمپئن شپ میچوں کا معاہدہ

 



نئی دہلی: جموں و کشمیر کے فاسٹ بولر عاقب نبی نے انگلینڈ کے کاؤنٹی کرکٹ کلب سرے کے ساتھ آئندہ 3 کاؤنٹی چیمپئن شپ میچوں کے لیے معاہدہ کرلیا ہے۔سرے نے عاقب نبی کو کاؤنٹی چیمپئن شپ ڈویژن ون کے آئندہ 3 میچوں کے لیے سائن کیا ہے جہاں ٹیم کا مقابلہ یارکشائر اور سسیکس اور گلیمورگن سے ہوگا۔سرے کرکٹ نے ایکس پر جاری پوسٹ میں کہا کہ سرے نے آئندہ 3 کاؤنٹی چیمپئن شپ میچوں کے لیے ہندوستانی فاسٹ بولر عاقب نبی کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔ عاقب نبی اس سال جموں و کشمیر کو پہلی مرتبہ رنجی ٹرافی کا خطاب دلانے میں اہم کردار ادا کیا اور 60 وکٹیں حاصل کرنے پر انہیں پلیئر آف دی ایئر کا اعزاز بھی دیا گیا۔

عاقب نبی کو سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کے لیے اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کے متبادل کے طور پر ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن انہیں حتمی گیارہ میں جگہ نہیں ملی کیونکہ ہندوستان نے پرسِدھ کرشنا اور محمد سراج کو ان سے ترجیح دی۔29 سالہ عاقب نبی نے جموں و کشمیر کی پہلی رنجی ٹرافی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ حال ہی میں سری لنکا کا دورہ کرنے والی ہندوستان اے ٹیم کا بھی حصہ تھے جہاں انہوں نے 2 فرسٹ کلاس میچوں میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔

عاقب نبی نے 2025-26 کی رنجی ٹرافی میں جموں و کشمیر کی جانب سے 10 میچوں کی 17 اننگز میں 60 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی اوسط 12.56 رہی اور انہوں نے 7 مرتبہ ایک اننگز میں 5 یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیند باز رہے اور ان کی شاندار کارکردگی نے جموں و کشمیر کو تاریخ میں پہلی مرتبہ ملکی چیمپئن بننے میں مدد دی۔

گھریلو کرکٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد عاقب نبی کو 2026 کی آئی پی ایل نیلامی میں دہلی کیپیٹلز نے 8.4 کروڑ روپے میں خریدا۔ انہوں نے ٹیم کی جانب سے 5 میچ کھیلے لیکن ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کرسکے اور 11.46 کے اکانومی ریٹ سے رنز دیے۔سرے کی ٹیم میں اس سے قبل بھی کئی ہندوستانی کھلاڑی شامل رہے ہیں۔ سائی سدھرشن نے 2023 اور 2024 میں مختصر مدت کے لیے کلب کی نمائندگی کی تھی جبکہ راجستھان کے بلے باز مہپال لومرور کو رواں ماہ 6 میچوں کے لیے سائن کیا گیا ہے۔ ہندوستانی اسپنر راہل چاہر بھی اس کلب کے ساتھ معاہدے میں ہیں۔جموں و کشمیر کے اس فاسٹ بولر کو ہفتے کے روز برطانیہ میں کام کرنے کے لیے درکار تمام اجازت نامے مل گئے تھے۔ اس کے بعد وہ پہلی دستیاب پرواز سے انگلینڈ روانہ ہوگئے۔ توقع ہے کہ وہ بدھ کو اوول میں یارکشائر کے خلاف سرے کی جانب سے اپنا ڈیبیو کریں گے۔