ایشیا کپ: جیت کے بعد ہندوستانی کرکٹرز نے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ نہیں ملائے، کپتان نے فتح مسلح افواج کے نام کی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 15-09-2025
ایشیا کپ: جیت کے بعد ہندوستانی کرکٹرز نے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ نہیں ملائے، کپتان نے فتح مسلح افواج کے نام کی
ایشیا کپ: جیت کے بعد ہندوستانی کرکٹرز نے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ نہیں ملائے، کپتان نے فتح مسلح افواج کے نام کی

 



 دبئی [متحدہ عرب امارات]،

ندوستان نے دبئی میں اتوار کو ایشیا کپ کے گروپ اے کے اہم مقابلے میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کی اور پوائنٹس ٹیبل پر اپنی برتری برقرار رکھی۔ ہندوستان نے 128 رنز کا ہدف صرف 15.5 اوورز میں باآسانی حاصل کر لیا، جبکہ 4 اوور سے زائد باقی تھے۔اہم بات یہ رہی کہ ایشیا کپ میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دینے کے بعدہندوستانی کھلاڑیوں نے روایت کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔ میچ کے بعد کپتان سوریا کمار یادو نے کہا کہ یہ فتحہندوستان کی مسلح افواج اور پاہلگام دہشت گرد حملے کے متاثرین کے نام کی جاتی ہے۔یادو نے کہا، "ہم اپنی افواج کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ یہ جیت ان کے نام ہے جو ہمیں ہمیشہ تحریک دیتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ جب بھی میدان میں اتریں تو انہیں مسکرانے کی مزید وجوہات دیں۔"

یاد رہے کہ اس میچ میں کلدیپ یادو نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے، جبکہ کپتان سوریا کمار یادو 47 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے

ابتدائی مرحلے میں پاکستان کے صائم ایوب نے کچھ اثر ضرور ڈالا لیکن کلدیپ یادو کی جادوئی باؤلنگ اور کپتان سوریاکمار یادو کی شاندار اننگز نے پاکستان کو مکمل طور پر بے بس کر دیا۔

ہدف کے تعاقب میں ہندوستان نے جارحانہ آغاز کیا۔ اوپنر ابھیشیک شرما نے اپنی مخصوص جارحانہ بیٹنگ کے انداز میں شاہین آفریدی کو نشانہ بنایا اور پہلے ہی اوور میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ شبھمن گل نے بھی صائم ایوب کو دو خوبصورت چوکے جڑ کر دباؤ بڑھایا لیکن وہ ایوب کی چالاکی کا شکار ہو کر صرف 10 رنز پر اسٹمپ ہوگئے۔

ابھیشیک نے 13 گیندوں پر 31 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی لیکن وہ بھی ایوب کی آف بریک پر کیچ دے بیٹھے۔ اس کے بعد سوریاکمار یادو اور تلک ورما نے اننگز کو سنبھالا اور شراکت قائم کی۔ ورما نے کچھ دلکش شاٹس کھیلے لیکن 31 رنز پر ایوب کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ سوریاکمار نے ذمہ داری سنبھالی اور آخر تک وکٹ پر ڈٹے رہے۔ شیوَم دوبے نے بھی ایک لمبا چھکا لگا کر جیت کو آسان بنایا۔ سوریاکمار 47 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ہندوستان نے 131/3 پر میچ ختم کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اننگز کا آغاز تباہ کن رہا۔ پہلے ہی گیند پر صائم ایوب ہاردک پانڈیا کے ہاتھوں صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ محمد حریس کو جسپریت بمراہ نے صرف 3 رنز پر پویلین بھیج دیا۔ اگرچہ فخر زمان اور فاران نے کچھ مزاحمت کی لیکن فخر 17 پر اور کپتان سلمان علی آغا 3 پر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ہندوستانی باؤلرز کے سامنے بے بس نظر آئی۔ کلدیپ یادو نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جن میں حسن نواز، محمد نواز اور فاران شامل تھے۔ فاران 40 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ آخر میں شاہین آفریدی نے 16 گیندوں پر 33 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور 127/9 تک پہنچایا۔

ایک سنگ میل

 جسپریت بمراہ نے بھونیشور کمار کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میںہندوستان کے چوتھے کامیاب ترین باؤلر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

بمراہ نے یہ کارنامہ ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف دبئی میں کھیلے گئے میچ کے دوران انجام دیا۔ ’جسی بھائی‘ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں 28 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی شکار فہرست میں وکٹ کیپر بیٹر محمد حریس اور صوفیان مقیم شامل تھے۔

اب تک 72 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں بمراہ 92 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، اوسط 17.67 اور اکانومی ریٹ 6.29 رہا ہے، جب کہ بہترین باؤلنگ 3/7 ہے۔ انہوں نے بھونیشور (87 میچوں میں 90 وکٹیں) کو پیچھے چھوڑا۔ بمراہ سے آگے ہاردک پانڈیا (116 میچوں میں 95 وکٹیں)، یوزی چہل (80 میچوں میں 96 وکٹیں) اور بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر ارشدیپ سنگھ (63 میچوں میں 99 وکٹیں) موجود ہیں۔

مختصر اسکور:

  • پاکستان: 127/9 (صاحبزادہ فاران 40، شاہین آفریدی 33*، کلدیپ یادو 3/18)

  • ہندوستان: 131/3 (15.5 اوورز میں) (سوریاکمار یادو 47*، ابھیشیک شرما 31، صائم ایوب 3/35)