نئی دہلی : خواتین کے لیے پہلی بار بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ کرکٹ 2025 کا افتتاح منگل کے روز سابق مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے نئی دہلی کے ماڈرن اسکول گراؤنڈ، بارا کھمبا روڈ پر کیا۔ یہ موقع عالمی سطح پر معذور خواتین کھلاڑیوں کے لیے جامع اور قابلِ رسائی کھیلوں کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
تقریب کی میزبانی ڈاکٹر مہانتیش جی کیوادسناور، بانی و منیجنگ ٹرسٹی سمرتھنم ٹرسٹ فار دی ڈس ایبلڈ اور چیئرمین کرکٹ ایسوسی ایشن فار دی بلائنڈ ان انڈیا (CABI)، اور شیلندر یادو، جنرل سیکریٹری سی اے بی آئی نے کی۔ دونوں نے معذور کھلاڑیوں کے فروغ میں تعاون کرنے والے تمام مہمانوں اور شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جسے دہلی کے سمرتھنم ٹرسٹ کے خصوصی طلبہ نے اشاروں کی زبان میں پیش کیا، جو ایک نہایت جذباتی اور اتحاد کا لمحہ تھا۔
افتتاحی تقریب میں میناکشی لیکھی (سابق وزیر مملکت برائے امور خارجہ)، ڈاکٹر مہانتیش جی کیوادسناور، انوراگ ٹھاکر (لوک سبھا رکن، ہمیراپور، ہماچل پردیش)، کارتکیہ شرما (راجیہ سبھا رکن، ہریانہ)، اور شیلندر یادو بھی شریک تھے۔
انوراگ ٹھاکر نے خطاب میں کہا، "میں تمام ٹیموں کے لیے نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں۔ آپ بہترین کارکردگی دکھائیں، ہم آپ کو ٹی وی پر دیکھنے کے منتظر ہیں۔ میں خواتین کے پہلے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ کرکٹ 2025 کے آغاز کا اعلان کرتا ہوں۔ مبارکباد، شکریہ، اور جے ہند!"
تقریب میں آسٹریلیا، روس، اور سری لنکا کے سفارتی نمائندوں کے علاوہ کئی معروف اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے، جن میں ایس بی آئی، انڈس انڈ بینک، ایچ سی ایل، این ٹی ٹی ڈیٹا، لائس آف انڈیا اور ماڈرن اسکول کے پرنسپل وجے دتہ شامل تھے۔
افتتاح کے بعد ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا گیا، جس میں ہندوستان نے شاندار کامیابی حاصل کی۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر ہندوستانی ٹیم نے بہترین بولنگ اور فیلڈنگ کی بدولت انہیں صرف 41 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ ہندوستان کی تیز فیلڈنگ کے باعث سات کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے جبکہ دیپکا ٹی سی، گنگا کدم اور جمنارانی تودو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں ہندوستان نے صرف 3 اوورز میں ہدف حاصل کر لیا۔ کپتان دیپکا ٹی سی نے 14 گیندوں پر 26 رنز بنائے جبکہ انیکھا دیوی نے 6 گیندوں پر 15 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔
گنگا کدم کو آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ہندوستان بدھ کو دوپہر 1 بجے آسٹریلیا سے مقابلہ کرے گا، جبکہ سری لنکا صبح 9 بجے نیپال سے ٹکرائے گا۔