انس جابر:ومبلڈن فائنل کھیلنے والی پہلی افریقی، عرب خاتون کے لیے اعزاز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 15-07-2022
انس جابر:ومبلڈن فائنل کھیلنے والی پہلی افریقی، عرب خاتون کے لیے اعزاز
انس جابر:ومبلڈن فائنل کھیلنے والی پہلی افریقی، عرب خاتون کے لیے اعزاز

 

 

تیونس : رواں سال ومبلڈن کا فائنل کھیلنے والی خاتون ٹینس کھلاڑی انس جابر کو تیونس کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’آرڈر آف دا میرٹ‘ سے نوازا گیا ہے۔

گرینڈ سلیم سنگلز کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی افریقی اور عرب خاتون کا اعزاز حاصل کرنے والی انس جابر کو جمعرات کو تیونس کے صدر قیس سعید نے ’ان کی شاندار کارکردگی‘ پر اس تمغے سے نوازا۔

27 سالہ انس کو ومبلڈن کے فائنل میں روسی نژاد قازقستان کی ایلینا ریباکینا نے گذشتہ ہفتے شکست دی تھی۔

تیونس کے صدر قیس سعید نے ’بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں ملک کا پرچم بلند کرنے‘ پر انس کی تعریف کی اور انہیں ’تیونس کی سفیر‘ قرار دیا۔

 صدر نے اپنے بیان میں کہا: ’میں اس کامیابی اور مستقبل کی مزید کامیابیوں کے لیے انس جابر کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

انس، جنہیں تیونس میں مداح ’وزیر مسرت‘ کہتے ہیں، نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ان کی کامیابی سے دیگر عرب اور افریقی کھلاڑیوں کو ٹینس کھیلنے اور اس میں کامیابی حاصل کے لیے حوصلہ ملا ہو گا۔

انہوں نے کہا: ’ہم نوجوانوں اور خواتین کو مزید امید دلانا چاہتے ہیں، جو ہمیں کھیلتا ہوا دیکھتے ہیں۔ ہم اس رفتار کو جاری رکھنے کی امید کرتے ہیں۔ ہمیں تیونس کا شہری ہونے پر فخر ہے اور ہم کامیابی کے اس سلسلے کو جاری رکھیں گے۔

ومبلڈن فائنل کے دن، جب مسلمان عید الاضحی کا تہوار منا رہے تھے، 27 سالہ انس نے گرینڈ سلیم سنگلز کا فائنل کھیلنے والی پہلی افریقی اور پہلی عرب خاتون بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

فائنل ہارنے کے بعد انس نے بتایا: ’میں واقعی اس ٹائٹل کو حاصل کرنا چاہتی تھی، شاید اس لیے کہ مجھے اس سے بہت زیادہ محبت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا: ’میں نے سال کے آغاز سے ہی اس ٹورنامنٹ کی تیاری شروع کر دی تھی اور اس پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے سب کچھ کیا ہے یہاں تک کہ میرے فون پر اس ٹرافی کی تصویر بھی موجود ہے۔ لیکن ایسا نہیں ہوا۔

ورلڈ ٹینس ایسوسی ایشن کی رنکنگ میں انس جابر عالمی نمبر دو کے مقام پر ہیں۔